تلنگانہ کے قیام پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکر

نئی دہلی ۔23فبروری(سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج صدرنشین یو پی اے سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کانگریس میں ٹی آر ایس کے انضمام کے امکان پر جاری قیاس آرائیوں کے درمیان آج یہ ملاقات کی ۔ بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ بل کی منظوری پر اظہار تشکر کیلئے انہوں نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے تمام ارکان خاندان نے آج سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا ۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان امکانی اتحاد کے تعلق سے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ سیاسی موضوع پر بات چیت نہیں ہوئی ۔ البتہ انہوں نے یہ کہا کہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری وانچارج آندھراپردیش امور ڈگ وجئے سنگھ ان سے ربط رکھے ہوئے ہیں ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کے خدوخال کی تفصیلات سے سونیا گاندھی کو واقف کروایا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریاست تلنگانہ کی انتظامی ضروریات کی تفصیل بتائی اور مرکز سے خواہش کی کہ ترجیحی اساس پر انہیں پورا کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ آندھراپردیش کیڈر میں صرف 27 آئی اے ایس ‘ 10 آئی پی ایس اور 15 آئی ایف ایس آفیسرس ہیں جن کا تعلق تلنگانہ سے ہے ۔ یہ تعداد درکار 50 آئی اے ایس ‘ 35 آئی پی ایس اور 35 آئی ایف ایس سے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے آل انڈیا سرویسیس آفیسرس کی کثیر تعداد دیگر ریاستوں میں برسرکار ہے اور انہیں کم از کم 5 سال کیلئے تلنگانہ میں ڈیپیوٹیشن پر رکھا جاسکتا ہے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو آبپاشی پراجکٹس کیلئے خصوصی ریاستوں کے زمرے میں شامل کیا جانا چاہیے اور این ٹی پی سی سے 500 میگاواٹ برقی کم از کم تین سال کیلئے مختص کی جانی چاہیے ۔

اس دوران تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین کے ایک وفد نے جمعہ کے دن سونیا گاندھی سے ملاقات کی تھی جس کے بعد مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا نے کہا تھا کہ کانگریس کو توقع ہے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی اس میں ضم ہوگی ۔ سروے ستیہ نارائنا نے کانگریس میں ٹی آر ایس کے انضمام سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ٹی آر ایس اپنے وعدے پر قائم رہے ۔ تلنگانہ اب ہندوستان کی 29ویں ریاست بننے کیلئے تیارہے ‘ پارلیمنٹ نے جمعرات کو آندھراپردیش کی تقسیم کیلئے بل کو منظوری دی ہے ۔ چندر شیکھر راؤ گذشتہ 10سال سے تلنگانہ تحریک کے روح رواں رہے ہیں۔وہ تلگودیشم کے لیڈر تھے ‘2001ء تک آندھراپردیش اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہے ۔ تلگودیشم سے استعفیٰ کے بعد انہوں نے علحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے جدوجہد کرنے ٹی آر ایس قائم کی تھی ۔