چندرا بابو نائیڈو اور اتم کمار ریڈی ملاقات پر تنقید، عظیم اتحاد موقع پرستانہ
حیدرآباد ۔ 29۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں کسانوں کیلئے مشکلات اور مسائل میں اضافہ ہوا جبکہ ٹی آر ایس دور حکومت میں کسانوں کیلئے خوشحالی واپس آئی ہے۔ کانگریس نے کسانوں کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا تھا جبکہ ٹی آر ایس نے فصلوں پر امداد کے ذریعہ کسانوں کے چہروں پر خوشی کو لوٹا دیا ہے۔ ہریش راؤ نے آج میدک ضلع میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ سابق ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کا اختلاف آندھرائی عوام سے نہیں ہے بلکہ ان طاقتوں سے ہے جو تلنگانہ میں مداخلت کرتے ہوئے ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے کا حق تلنگانہ کی قیادت کو ہونا چاہئے ۔ تلگو دیشم کے ایل رمنا کس کے اشارہ پر کام کریں گے ، ہر کوئی جانتا ہے ۔ نئی دہلی میں چندرا بابو نائیڈو اور اتم کمار ریڈی کی ملاقات پر تنقید کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ دونوں قائدین نے جس طرح ہاتھ میں ہاتھ ملاکر تصویر کشی کی ہے، اس سے تلنگانہ عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ تلگو عوام کے عزت نفس کیلئے قائم کی گئی تلگو دیشم پارٹی اور کانگریس پارٹی نے مل کر دہلی میں تلنگانہ عوام کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو ووٹ دینے سے ترقی کا عمل جاری رہے گا ۔ ٹی آر ایس پارٹی عوام کی توقعات کے عین مطابق کام کر رہی ہے۔ تلگو دیشم کانگریس اتحاد کو تلنگانہ کیلئے نقصاندہ قرار دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کرن کمار ریڈی نے تلنگانہ کیلئے ایک پیسہ بھی جاری نہ کرنے کا اعلان کیا تو اس وقت تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے خاموشی اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کو اقتدار کی صورت میں تلنگانہ کے فیصلے امراوتی سے ہوں گے۔ کالیشورم پراجکٹس جو 90 فیصد تک مکمل ہوچکا ہے ، عظیم اتحاد کے اقتدار کی صورت میں تعمیری کام روک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کے پراجکٹس کو روکنے کیلئے کئی مرتبہ مرکز سے نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کی فلاحی اسکیمات کو جاری رکھنے کیلئے دوبارہ پارٹی کو اقتدار میں لائیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا عمل تیزی سے جاری ہے۔