حیدرآباد۔/31 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) متحدہ آندھرا پردیش کے کٹر حامی سابق رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال نے موقع فراہم کرنے پر تلنگانہ میں مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔ صلع میدک کے عوام کی جانب سے انہیں میدک لوک سبھا سے مقابلہ کرنے کی خواہش کرنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی پر حملے کی مذمت کی۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے کٹر مخالف وجئے واڑہ کے سابق رکن پارلیمان راجگوپال نے موقع فراہم کرنے پر تلنگانہ میں مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔ آندھراپردیش کی جذباتی سیاست سے دور رہنے کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میدک کے عوام ان سے حلقہ لوک سبھا میدک سے مقابلہ کرنے کی خواہش کا اظہار کررہے ہیں۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لگڑا پاٹی راجگوپال نے کہا کہ تلنگانہ میں مقابلہ کرنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے صرف آندھرا پردیش کی سیاست سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ کے عوام خواہش کریں تو وہ ضرور مقابلہ کریں گے۔ ہر انتخابات کے بعد سروے کا اعلان کرتے ہوئے سرخیوں میں رہنے والے لگڑا پاٹی راجگوپال نے تلنگانہ میں رائے دہی کے بعد اپنے سروے نتائج کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے نام سے سوشیل میڈیا میں ہلچل پیدا کرنے والے سروے سے اپنا کوئی تعلق ہونے کی تردید کی اور اس پر بھروسہ نہ کرنے کی عوام سے اپیل کی۔