تلنگانہ کے عوام سونیا گاندھی کے احسان مند،علحدہ ریاست کے قیام پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکر: محمد علی شبیر

حیدرآباد /12 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس تشہیری کمیٹی کے معاون صدر نشین نامزد ہونے والے محمد علی شبیر نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے 60 سالہ مطالبہ تلنگانہ کو پورا کیا۔ انھوں نے سابق ڈپٹی چیف منسٹر و صدر نشین تشہیری کمیٹی دامودھر راج نرسمہا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے دیرینہ خواب کو پورا کیا، جس کے لئے تلنگانہ عوام کانگریس کے احسان مند ہیں اور عام انتخابات میں کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے صدر کانگریس سے اظہار تشکر کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بہت جلد اظہار تشکر کا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس سے پارٹی صدر سونیا گاندھی خطاب کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں سیما۔ آندھرا قائدین نے قدم قدم پر رکاوٹیں کھڑی کیں، تاہم سونیا گاندھی نے اس کی پروا کئے بغیر علحدہ ریاست تشکیل دی۔

انھوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے باوجود چند قائدین متحدہ آندھرا میں نئی جماعت تشکیل دے کر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، تاہم عوام جانتے ہیں کہ کانگریس نے ہی علحدہ ریاست تشکیل دی ہے۔ ٹی آر ایس سے اتحاد کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہائی کمان کا ہر فیصلہ قبول کیا جائے گا، جب کہ تلنگانہ میں کانگریس پہلے ہی سے مستحکم ہے۔ علحدہ ریاست تشکیل دینے کے بعد کانگریس پر عوام کا اعتماد بڑھ چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو کے لئے کانگریس کے پاس منصوبہ ہے، جس کی وجہ سے تلنگانہ عوام کانگریس کو بھاری اکثریت سے اقتدار فراہم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ابتداء میں تلنگانہ کی تائید کرنے والی جماعتیں عین وقت پر منحرف ہوکر کانگریس کو قصوروار قرار دینے لگیں، تاہم کانگریس نے عوام سے کئے گئے وعدہ کو پورا کردیا۔