تلنگانہ کے علاقہ کو آندھرا میں ضم کرنا غیر دستوری

پولاورم پراجکٹ پر آرڈیننس کی منسوخی کا مرکز سے مطالبہ : پروفیسر سیتارام نائیک

حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ پروفیسر سیتا رام نائیک نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کھمم کے 7منڈلوں کے آندھرا پردیش میں انضمام سے متعلق آرڈیننس کو فوری منسوخ کیا جائے۔ حیدرآباد میں آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیتا رام نائیک نے کہا کہ مرکز کو چاہیئے کہ وہ پولاورم پراجکٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کرتے ہوئے ان علاقوں کا تحفظ کرے جو پراجکٹ کی تعمیر سے زیر آب آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے علاقہ کو سیما آندھرا میں ضم کرنا غیر جمہوری اور غیر دستوری ہے۔ آندھرا پردیش کی تقسیم سے متعلق قانون کی منظوری میں اس بات کو شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن بی جے پی برسراقتدار آتے ہی تلگودیشم کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے نریندر مودی حکومت کو آرڈیننس کی اجرائی پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کے از سرِ نو تعین کیلئے پارلیمنٹ کی منظوری ضروری ہے

لیکن کھمم کے سات منڈلوں کے سلسلہ میں مرکز نے تمام قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آندھرا پردیش کے مفادات کے تحفظ کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سیما آندھرا ایجنڈہ کے ساتھ کام کرنا ترک کردیں۔ سیتا رام نائیک نے تلنگانہ تلگودیشم قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ پولاورم آرڈیننس کے مسئلہ پر اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ ایک طرف تلگودیشم قائدین سات منڈلوں کے آندھرا پردیش میں انضمام کی مخالفت کررہے ہیں تو دوسری طرف آندھرا پردیش کی تلگودیشم حکومت تلنگانہ کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع گنوانے تیار نہیں۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین سے پولاورم پر دوہرا معیار ترک کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ دستور ہند نے درج فہرست قبائیل کو جو خصوصی مراعات دی ہیں تلگودیشم اس کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم قائدین کو اس مسئلہ پر چندرا بابو نائیڈو کی مخالفت کرنی چاہیئے جو تلنگانہ سے ناانصافی کے ذمہ دار ہیں برخلاف اس کے تلنگانہ تلگودیشم قائدین چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد بھی تلنگانہ سے ناانصافی کیلئے چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کی قیادت میں تلنگانہ کا کُل جماعتی وفد نئی دہلی روانہ ہوگا اور وزیر اعظم سے پولاورم آرڈیننس کے مسئلہ پر نمائندگی کی جائے گی۔