ایر انڈیا نے شیڈول جاری کردیا، جملہ 22 پروازیں، 6 ستمبر کو مدینہ منورہ سے واپسی
حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کیلئے ایر انڈیا نے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین کی روانگی کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے اگرچہ عازمین کی روانگی کی واپسی کے متعلق شیڈول کے بارے میں تلنگانہ حج کمیٹی کو اطلاع نہیں دی ہے۔ تاہم ایر انڈیا کے اس شیڈول کو قطعی مانا جارہا ہے ۔ ایر انڈیا کی پروازوں کا 26 جولائی سے آغاز ہوگا جو 4 اگست جاری رہیں گی۔ 22 پروازوں کے ذریعہ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے چار اضلاع کے عازمین کو تین علحدہ گنجائش والے طیاروں کے ذریعہ جدہ پہنچایا جائے گا۔ ایر انڈیا تین مختلف گنجائش کے ایر کرافٹس استعمال کرے گا جو 420 ، 340 اور 254 عازمین حج پر مشتمل ہوں گے۔ شیڈول کے مطابق عازمین حج کا پہلا قافلہ 26 جولائی کو رات 8.30 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوگا جبکہ دوسرا قافلہ اسی دن رات 9.30 بجے پرواز کرے گا۔ 27 جولائی کو تین پروازیں رہیں گی جبکہ 28 جولائی کو عازمین کے چار قافلیں روانہ ہوں گے ۔ 29 جولائی کو چار قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی ۔ 30 جولائی کو 2 اور 31 جولائی کو 2 پروازیں رہیں گی۔ یکم اور 2 اگست کو ایک ایک قافلہ روانہ ہوگا جبکہ 3 اگست کو دو قافلیں روانہ ہوں گے اور آخری قافلہ 4 اگست کی صبح 10 بجے جدہ کیلئے پرواز کرے گا۔ عازمین حج احرام کی حالت میں جدہ روانہ ہوں گے اور ان کی واپسی مدینہ منورہ سے عمل میں آئے گی۔ واپسی کا شیڈول 6 ستمبر سے شروع ہوگا اور آخری قافلہ 15 ستمبر کو مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوگا۔ روانگی کی طرح واپسی میں بھی طیاروں کی گنجائش وہی رہے گی۔ عازمین حج 42 تا 44 دن قیام کریں گے۔ جاریہ سال تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش کے عازمین کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئے گی۔ وجئے واڑہ میں انٹرنیشنل پروازوں کی عدم سہولت کے باعث حیدرآباد سے عازمین کو روانہ کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے آندھراپردیش کیلئے امبارگیشن پوائنٹ کی منظوری نہیں دی ہے۔ کرناٹک کے اضلاع گلبرگہ ، بیدر ، رائچور اور ادگیر کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے اور ان کی واپسی بھی حیدرآباد سے ہی ہوگی۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے فلائیٹ شیڈول کی منظوری کے بعد تلنگانہ حج کمیٹی حج کیمپ اور ایرپورٹ پر حج ٹرمینل کے انتظامات کا آغاز کرے گی۔