حیدرآباد۔/27فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 10ویں پے ریویژن کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کے بعد تلنگانہ ریاست کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے طلباء اور نوجوانوں کے افراد خاندان کی امداد کیلئے ایک دن کی تنخواہ بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ٹی این جی اوز کے صدر دیوی پرساد نے یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان میں سے کسی ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے گی اور ان خاندانوں کا ہر طرح سے تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں کوئی بھی حکومت ہو تلنگانہ ملازمین تلنگانہ عوام کی بھلائی اور ترقی کیلئے کام کریں گے۔ تلنگانہ عوام کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے این جی اوز اپنی ہر ممکن مساعی کریں گے۔ دیوی پرساد نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے درمیان سرکاری ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں جو طریقہ کار کا فیصلہ کیا گیا ہے
اس سے تلنگانہ این جی اوز کو اختلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے طئے کئے گئے طریقہ کار سے تلنگانہ ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف سکریٹری سے تلنگانہ این جی اوز کے قائدین ملاقات کرتے ہوئے اس مسئلہ پر نمائندگی کریں گے۔ دیوی پرساد نے کہا کہ جدوجہد کے دوران شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کی امداد کے سلسلہ میں جے اے سی کی جانب سے جو وعدے کئے گئے ان پر عمل آوری کی جائے گی۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے دیگر اداروں کی ایمپلائز یونینوں نے بھی شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کی امداد کیلئے اپنے طور پر عطیات کا اعلان کیا ہے۔ دیوی پرساد نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ کے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔