تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو حق دلانے کا عزم

ٹی گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے نو منتخبہ صدر رویندر ریڈی کی میٹ دی پریس
حیدرآباد۔2اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے پہلے سے زیادہ متحرک اور مضبوط نمائندگی کا ادعاپیش کرتے ہوئے تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن کے نو منتخبہ صدر مسٹر رویندر ریڈی نے کہاکہ ٹی این جی اوز تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کی ایک واحد ایسی تنظیم ہے جو ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میں شامل ہونے کے بعد سے لیکر علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے لئے منعقد ہونے والے تمام احتجاجی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔آج یہاں قدیم پریس کلب بشیر باغ میںتلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے زیر اہتمام منعقدہ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر رویندر ریڈی نے کہاکہ ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میں شمولیت کے بعد تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے ساتھ انصاف کے لئے حیدرآباد سرکاری ملازمین یونین کا قیام عمل میںلایا گیا تھا جس پر ایمرجنسی کے دور میںامتناع عائد کرتے ہوئے یونین کے تمام ذمہ داران کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا تھا۔ مسٹر رویندر ریڈی نے مزید کہاکہ یونین نے تلگو گنگا پراجکٹ‘ غیرملکی واپس جائو جیسے عظیم احتجاجی پروگراموں کا حصہ بن کر تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ہونے والی تمام ناانصافیوں کے خلاف محاذ آرائی کی ہے۔انہوں نے متحدہ ریاست آندھر اپردیش کے قیام کے بعد تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے ساتھ تعصب برتنے کا بھی آندھرا ئی حکمرانوں پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ 1969میں حیدرآباد سرکاری ملازمین کا احیاء عمل میںآیا اور تنظیم کو تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن کے نام سے دوبارہ شروع کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ٹی این جی اوزنے ہر وقت تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کے مفاد میں فیصلے لیے ہیں ۔ نو منتخبہ جنرل سکریٹری ٹی این جی اوز جناب عبدالحمید نے اس موقع پر کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں سے ناانصافیوں کا شکار تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے لئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام انصاف کے لیے بہترین ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے نئی ریاست تلنگانہ میںبرسراقتدار سیاسی جماعت کے انتخابی منشورپر عمل آوری کے لئے دبائو ڈالنے اور حکمران جماعت کے تمام انتخابی وعدوں کی تکمیل کے لئے جدوجہدکا بھی یقین دلایا۔ انہوںنے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میںتلنگانہ کی مسلم اقلیت کو بارہ فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیاتھا جس پر عمل آواری کے لئے ٹی این جی اوز دیگر تمام سب کمیٹیوں او ر اسوسیشن کے ساتھ ملکر حکومت سے متحدہ نمائندگی بھی کریگی۔ مسٹر امر‘ سرینواس‘ ویراہت علی کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ٹی یو ڈبلیو جے کی جانب سے ٹی این جی اوز کے نومنتخبہ صدر وجنرل سکریٹری کو تہنیت بھی پیش کی گئی۔