تلنگانہ کے روایتی دو روزہ فیسٹیول بونال کا آغاز

حیدرآباد، 29جولائی (یواین آئی )تلنگانہ کے روایتی دو روزہ فیسٹیول بونال کا آج آغاز سکندرآباد کی اُجین مہانکالی مندر سے ہوا ۔تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے اس فیسٹول میں شرکت کی اور مہانکالی مندر میں پوجا بھی کی۔نظام آباد کی رکن پارلیمنٹ کویتا جو وزیراعلی کی دختر ہیں نے بھی اس فیسٹیول میں شرکت کی ۔اس موقع پر جلوس تلنگانہ کے وزیرافزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو کی قیامگاہ سے نکالاگیا ۔کویتا نے اس جلوس میں بھی شرکت کی ۔اس موقع پر مندر تک ڈھول بجاتے ہوئے لوگ جلوس میں شریک تھے اور کلچرل ٹروپس کی جانب سے رقص کیاجارہا تھا۔وزیر انڈومنٹ اندراکرن ریڈی نے جلو س کو جھنڈی دکھائی ۔یہ جلوس سکندرآباد کی سٹی لائٹ ہوٹل اورکنگس وے سے گزرتا ہوا مندر پہنچا۔مندر میں صبح ہی سے شردھالووں کی کثیر تعداد دیکھی گئی جو درشن کئے اور خصوصی پوجا کی۔پولیس کی جانب سے اس فیسٹیول کے سلسلہ میں سیکوریٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔