سونیا گاندھی پر ہٹلر کا طرز عمل اختیار کرنے جگن کا الزام
حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر مسٹر جگن موہن ریڈی نے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے بطور احتجاج کل سیما آندھرا بند منانے کا اعلان کیا ۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی پر ہٹلر کا طرز عمل اختیار کرنے کا ا لزام عائد کرتے ہوئے اس طرح کے فیصلے پاکستان میں بھی نہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے آج کے دن کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی سیاست کی خاطر ریاست کو زبردستی تقسیم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کانگریس نے جمہوریت کا خون کردیا ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے 70 فیصد عوام ریاست کو تقسیم کرنے کے خلاف ہے ۔ اسمبلی نے تلنگانہ بل کو مسترد کردیا ایسے بل کو لوک سبھا میں صرف 15 سکنڈ میں منظوری دیتے ہوئے غلط مثال قائم کی گئی ہے ۔ سیما آندھرا کے 17 ارکان پارلیمنٹ کو ایوان سے باہر رکھتے ہوئے تلنگانہ بل کو منظوری دی گئی ہے ۔
جگن موہن ریڈی نے ریاست کی تقسیم کے لیے جہاں کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی کو ذمہ دار قرار دیا وہیں بی جے پی پر بھی سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے تلنگانہ کی اندھی تائید کردی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ریاست کو تقسیم کرنے کے لیے حکمران یو پی اے بالخصوص کانگریس اور اصل اپوزیشن بی جے پی کو مورد الزام ٹھہرایا ۔ صدر تلگو دیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کی تائید میں مرکز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست کو تقسیم کرنے کی بنیاد رکھی اور لمحہ آخر تک بھی مرکز کو پیش کردہ مکتوب سے دستبردار نہ ہوتے ہوئے سیما آندھرا کے عوام کو دھوکہ دیا ہے آخری موقع پر دوڑ دھوپ کرتے ہوئے ریاست کو تقسیم کرنے میں کوئی بھی کسر باقی نہیں رکھی ہے ۔ ریاست کو تقسیم کرنے سے سیما آندھرا کے لیے پانی کا مسئلہ پیدا ہوگا تعلیم کے لیے مواقع ختم ہوجائیں گے ۔ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ملازمتیں نہیں ملیں گی ۔ حیدرآباد میں سیکوریٹی کے مسائل پیدا ہوں گے ۔ ان مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔۔