مرکز سے امداد کے حصول کیلئے ریاستی حکومت کا وفد دہلی روانہ
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بازآبادکاری کیلئے مرکزی حکومت سے امداد کے حصول کیلئے ریاستی حکومت کا ایک وفد آج رات نئی دہلی روانہ ہوا۔ ڈپٹی چیف منسٹرس کڈیم سری ہری، محمد محمود علی، وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی، اعلیٰ عہدیداروں اور ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ چہارشنبہ کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اور انہیں یادداشت پیش کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت نے خشک سالی سے متاثرہ منڈلوں کی نشاندہی کی ہے اور جاریہ سال ریاست کے تقریباً 50فیصد منڈل خشک سالی سے متاثرہ قرار پائے ہیں۔ وزیر اعظم سے دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ کو فراخدلانہ امداد جاری کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ تلنگانہ کے وزراء دیگر مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کے زیر التواء پراجکٹس اور فنڈز کی اجرائی کے مسئلہ پر نمائندگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی وزراء کی ٹیم نئی دہلی روانہ کی ہے تاکہ ان کی جانب سے نمائندگی کی جاسکے۔ریاستی وزراء جمعرات کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔