تمام حجاج کرام بخیر و عافیت ، جناب محمد مسیح اللہ خان اور پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد /5 ستمبر ( پریس نوٹ ) حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جو حجاج کرام مکہ مکرمہ روانہ ہوئے تھے فریضہ حج کی تکمیل کے بعد تاحال ان کے آٹھ قافلے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہونچ چکے ہیں ۔ ان قافلوں کے ذریعہ لگ بھگ 2380 حجاج کرام مدینہ منورہ پہونچے اور اپنی رہائش گاہوں کو منتقل ہوگئے ۔ حجاج کرام انتہائی شوق و اشتیاق کے ساتھ روضہ نبوی ﷺ پر حاضری دے رہے ہیں ۔ اگرچہ مدینہ منورہ میں گرمی بہت زیادہ ہے لیکن گذشتہ دو دن کے مقابلے میں قدرے کم ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری ہے لیکن اس سے حجاج کرام کے جوش و خروش اور جذبہ میں کمی نہیں آئی ہے ۔ حجاج کرام دن کے اوقات کے بجائے رات کے وقت مسجد نبوی ﷺ پر حاضری دینے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ مکہ معظمہ میں درجہ حرارت 40 ڈگری ہے لیکن گرمی زیادہ محسوس ہو رہی ہے ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور انڈین حج مشن اور خادم الحجاج سے ربط میں ہیں اور ان کی خیریت دریافت کر رہے ہیں جو حجاج کرام مکہ مکرمہ میں ہیں وہ تمام خیریت سے ہیں اور مدینہ منورہ روانگی کیلئے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں ۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے جملہ 7345 نے حج کی سعادت حاصل کی ہے ۔ جن میں تلنگانہ کے 4452 آندھراپردیش کے 1711 اور کرناٹک 1182 حجاج شامل ہیں۔ حجاج کرام مدینہ منورہ میں آٹھ دن گذارنے کے بعد ان کی حیدرآباد واپسی شروع ہوگی ۔ ریاست کے حجاج کرام کی حیدرآباد واپسی کا سلسلہ 12 ستمبر سے شروع ہوگا اور 25 ستمبر کی شام تک حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے تمام حجاج کرام وطن واپس ہوجائیں گے ۔