منیٰ میں گرمی سے محفوظ رکھنے کے لئے معقول انتظام ۔ پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد29 اگست ( پریس نوٹ ) حیدرآباد امبارکیشن پوائینٹ سے تعلق رکھنے والے تمام حاجی صاحبان‘ جن میں ریاست تلنگانہ کے حجاج کرام بھی شامل ہیں‘ آج شب خیموں کے شہر منیٰ روانہ ہورہے ہیں۔ پروفیسر ایس ا ے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائینٹ کے حجاج کرام مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش گاہوں سے منیٰ جانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں‘ انہو ںنے بتایا کہ وہ حجاج کرام کی سلامتی اور بآسانی مناسک حج کی ادائیگی کے لئے حج مشن اور خادم الحجاج سے مسلسل ربط میں ہیں۔ سعودی سکیوریٹی فورسس نے منیٰ میں حاجیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے مقصد سے ہزاروں عہدیداروں کو متعین کیا ہے اور ہزاروں گاڑیاں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے گشت میںمصروف ہیں۔ منیٰ کے علاقے میں کاروں کا داخلہ ہے صرف ہیوی گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہے۔ منیٰ میں 25 لاکھ مربع میٹر کے علاقے میںمختلف سائز کے ہزاروں فائیر پروف خیمے نصب کئے گئے ہیں۔ منیٰ میں پانی کی سربراہی کا معقول بندوبست کیا گیا ہے۔ آگ بھڑک اٹھنے کے کسی بھی واقعہ یا حادثہ سے نمٹنے کے لئے ہر خیمہ میں آٹو میٹک واٹر اسپیریئر لگائے گئے ہیں۔ منیٰ میں جگہ جگہ ہسپتال اور ہیلتھ کیر سنٹر قائم کئے گئے ہیں اور وہاں قلب پر حملے‘ امراض گردہ ڈائیلاسس اورسرجری کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ہسپتالوں میں 550بستروں کی گنجائش ہے۔منیٰ کے ایمرجنسی ہسپتال میں 109بستر اوربرج ہاسپٹل میں 150بستر ہیں۔یہاں جملہ 28ہیلت کیر سنٹرز کام کررہے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنوں اور جمرات کے علاقے میں بھی ہیلت سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ اور منیٰ میں درجہ حرارت 43ڈگری اور رات کا درجہ حرارت 29ڈگری ہے۔ کل درجہ حرارت 42ڈگری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ منیٰ میں جمرات پل کے پاس بھی حجاج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لئے پانی کے اسپرے کا انتظام کیا گیا ہے۔