حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام حجاج کرام مناسک حج کی تکمیل کے بعد منٰی سے مکہ مکرمہ واپس ہوچکے ہیں۔ منٰی میں ایام تشریق کے دوران رمی جمار کے فریضہ کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ میں اپنی عمارتوں کو واپس ہوگئے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تلنگانہ ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے جملہ 7345 حجاج کرام نے حج کی سعادت حاصل کی ہے اور تمام مکہ مکرمہ میں خیریت سے ہیں۔ خادم الحجاج سے حجاج کی خیریت سے متعلق رپورٹ وقتاً فوقتاً حاصل کی جارہی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام عبادات میں مصروف ہیں اور اب انہیں مدینہ منورہ کی حاضری کا انتظار ہے۔ رمی جمار کے بعد حجاج نے طواف زیارت کی سعادت حاصل کی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تلنگانہ کے 4452، آندھرا پردیش کے 1711 اور کرناٹک کے 1182 حجاج کرام مکہ میں قیام پذیر ہیں۔ مدینہ منورہ میں حجاج کا 8 دن قیام رہے گا۔ حجاج کی واپسی کا 12 ستمبر کو آغاز ہوگا اور 25 ستمبر کو آخری قافلہ مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچے گا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے مناسک حج کے دوران حج ہاوز میں کنٹرول قائم کیا تھا۔