تلنگانہ کے جیلوں کو دیگر ریاستوں کے قیدیوں کو کرایہ پر دینے کی تجویز

سالانہ 25 کروڑ کی آمدنی کا تخمینہ ، قیدیوں کے لیے پٹرول بینکس میں عنقریب اضافہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے جیلوں کو دوسرے ریاستوں کے قیدیوں کو کرائے پر دینے کی تجویز تیار کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو رپورٹ پیش کی گئی جس سے محکمہ جیل کو سالانہ 25 کروڑ روپئے تک آمدنی حاصل ہوگی ۔ بہت جلد ریاست کے مختلف اضلاع میں قیدیوں کے لیے 29 پٹرول بینکس قائم کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ساری دنیا میں ناروے ایسا ملک ہے جہاں کی جیلوں کو کرائے پر دیا جاتا ہے ۔ محکمہ جیل کے ڈی جی وی کے سنگھ نے جیلوں میں اصلاحات لانے کا سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے ریاست کے جیلوں کو کرائے پر دینے کی تجویز تیار کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو پیش کردی ہے ۔ وی کے سنگھ کا ماننا ہے کہ تلنگانہ کے جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گھٹ رہی ہے ۔ آئندہ سال تک قیدیوں کی مزید تعداد گھٹنے کا امکان ہے ۔ تلنگانہ کے تمام جیلوں میں 6848 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے ۔ جاریہ ماہ 15 جولائی تک ریاست کے مختلف جیلوں میں 6083 قیدی موجود ہیں اس طرح ریاست کے جیلوں میں 800 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے ۔ محکمہ جیل کے ڈی جی وی کے سنگھ نے بتایا کہ پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش ، اترپردیش اور بہار کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں ۔ اگر ان ریاستوں کے قیدیوں کو تلنگانہ کے جیلوں کو کرائے پر دینے سے تلنگانہ کا محکمہ جیل خود مکتفی ہوجائے گا کیوں کہ ہم ہر قیدی سے ماہانہ 10 ہزار روپئے فیس وصول کرتے ہیں تو محکمہ جیل کو سالانہ 24 تا 25 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوگی ۔ وی کے سنگھ نے بتایا کہ جیلوں میں اصلاحات اور قیدیوں میں سدھار کے لیے شروع کردہ اسکیمات ’ مہاپریورتن ‘ ’ودیادان ‘ سے خطرناک مجرمین کی زندگیوں میں بھی نیا انقلاب آرہا ہے اور ان کی معاشی حالت بھی مستحکم ہورہی ہے ۔ حال ہی میں بہار کے اسپیشل چیف سکریٹری امیر سبحانی نے چیرلہ پلی جیل کا معائنہ کیا ۔ محکمہ جیل کی جانب سے کیے جانے والے اصلاحات ، تبدیلیوں اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کی ستائش کی ہے ۔ وی کے سنگھ نے کہا کہ محکمہ جیل کو فائدہ بخش اسکیم میں تبدیل کرنے کے لیے قیدیوں کی جانب سے پٹرول بینکس پر کی جانے والی خدمات بہت مددگار ثابت ہورہی ہے ۔ ان تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے ریاست کے مختلف اضلاع میں مزید 29 پٹرول بینکس قائم کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ چیرالہ پلی جیل کے لیے 3 ، ورنگل جیل کے لیے 2 ، ضلع نلگنڈہ میں 5 ، ضلع نظام آباد میں ایک ۔ ضلع کریم نگر میں 6 ضلع کھمم میں ایک عادل آباد میں 2 ، ورنگل سب جیل کے حدود میں ایک اضلاع میدک و سنگاریڈی کے حدود میں 3 ، محبوب نگر سب جیل کے حدود میں 2 ، پٹرول بینکس قائم کرنے کی تجویز ہے ۔ اس کے علاوہ آئندہ ہفتہ سرور نگر ، لنگوجی گوڑہ ، آصف آباد میں پٹرول بینکس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔۔