تلنگانہ کے جامع سروے کیلئے مرکزسے فنڈز کی درخواست

محمود علی کی دہلی میں ریاستی وزراء مال کے اجلاس میں شرکت،نتن گڈکری سے ملاقات
حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ اور وزیر مال جناب محمد محمود علی نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر دیہی ترقی نتن گڈکری سے ملاقات کی اور تلنگانہ ریاست میں اراضیات کے مکمل سروے کیلئے مرکز سے فنڈس کی فراہمی کی خواہش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے آج نئی دہلی میں تمام ریاستوں کے وزرائے مال اور اعلی عہدیداروں کے اجلاس میں شرکت کی جس کا اہتمام مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کیا تھا۔ اس اجلاس میں ملک بھر میں اراضیات کے سروے اور اراضی کی تقسیم سے متعلق حکومت کی اسکیمات کا جائزہ لیا گیا ۔ ملک بھر میں اراضیات کے سروے کا کام گذشتہ کئی دہوں سے زیر التواء ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ تلنگانہ میں اراضیات کا آخری سروے 1930ء میں کیا گیا تھا اس کے بعد سے سروے کے کام پر کوئی توجہ نہیں دی گئی لہذا از سر نو سروے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامع سروے کے ذریعہ سرکاری ،غیر سرکاری اور وقف اراضیات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے مرکز سے خواہش کی کہ وہ اراضیات کے جامع سروے کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت سے تعاون کریں۔ انہوں نے سروے کے کام کے سلسلہ میں مرکز سے مناسب بجٹ کی منظوری کا بھی مطالبہ کیا ۔نتن گڈکری نے تیقن دیا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لے گی اور از سر نو سروے کے سلسلہ میں مثبت کارروائی کی جائے گی۔اس اجلاس میں تلنگانہ کے پرنسپل سکریٹری محکمہ مال مینا اور آندھرا پردیش کے وزیرمال نے بھی شرکت کی۔