تلنگانہ کے تمام کسانوں کے قرضوں کی معافی یقینی

حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاست میں کسانوں کے زرعی قرضہ جات صد فیصد معاف کئے جائیں گے ۔ وزیر زراعت و صدر نشین کابینی ذیلی کمیٹی مسٹر پی سرینواس ریڈی نے یہ بات کہی ۔ آج یہاں ڈاکٹر مری چناریڈی انسٹی ٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل میں قرضوں کی معافی کا جائزہ لے کر حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے تشکیل دی گئی کابینی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس کی مسٹر پی سرینواس ریڈی نے صدارت کی ۔ جب کہ اجلاس میں کابینی ذیلی کمیٹی کے دیگر ارکان بشمول مسٹر ای راجندر وزیر فینانس بھی شریک تھے ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ایک لاکھ روپیوں تک کی رقومات کے قرضہ جات حکومت بہر صورت معاف کرے گی تاہم اہل افراد ( کسانوں ) کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قرضہ جات معاف کرنے سے متعلق مکمل تفصیلات اکھٹا کی گئیں اور مزید مکمل تفصیلات حاصل ہونے کے ساتھ ہی فراہم کردہ تفصیلات کی روشنی میں کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ۔ اس موقعہ پر موجود وزیر فینانس مسٹرای راجندر نے بتایا کہ اہل کسانوں کے قرضہ جات ہی معاف کئے جائیں گے اور چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ قرضوں کی جلد سے جلد معافی کے لیے کافی فکر مند ہیں۔