تلنگانہ کے تمام مستحق عوام کو وظائف اور راشن کارڈس

حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس حکومت کی میعاد مکمل ہونے سے قبل تلنگانہ ریاست کے ہر ایک غریب و مستحق افراد خاندان کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کا وعدہ کیا ۔ تلنگانہ ریاست کو برقی بحران سے باہر لانے کے لیے ٹی آر ایس حکومت سنجیدگی کے ساتھ غور و فکر کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ آئندہ دو تا تین سال میں ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ ریاست میں 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی کرنے اور کسانوں کو کم از کم 9 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کا تیقن دیا ۔ ٹی آر ایس حکومت انتخابات کے موقع پر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شاد نگر حلقہ کے کتور منڈل میں منعقدہ آسرا اسکیم ( وظیفہ ) اسکیم کی افتتاحی تقریب کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور تیار کرنے کے موقع پر کئی اہم قائدین سے وظیفہ کے متعلق مشاورت کی ۔ آخرکار میں نے فیصلہ لیا کہ ہر ایک بیوہ ، عمر رسیدہ افراد کو فی کس ماہانہ ایک ہزار روپئے اور معذورین کو 1500 سو روپئے فراہم کیا جائے ۔ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے کے مطابق بیواؤں ، عمر رسیدہ افراد کے لیے ایک ہزار روپئے اور معذورین کے لیے 1500 روپئے جاریہ ماہ سے فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ تمام مستحق افراد کو سرکاری اسکیم کا فائدہ پہونچنا حکومت کا مقصد ہے ۔ انہوں نے سابقہ تلگو دیشم اور کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 30 سال عمر والوں کو بھی وظیفہ جاری کیا جارہا تھا ۔ جس کی وجہ سے مستحق کو اس کا حق نہیں مل پارہا تھا ۔ سابقہ تلگو دیشم حکومت نے وظیفہ کے نام پر صرف 67 کروڑ سالانہ تقسیم کررہی تھی ۔ سابقہ کانگریس دور حکومت میں وظیفہ کے نام پر 732 کروڑ روپئے سالانہ تقسیم کئے جارہے تھے ۔ لیکن موجودہ ٹی آر ایس حکومت بیواؤں ، معمرین اور معذورین کے لیے سالانہ 4 ہزار کروڑ روپئے تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ حکومتی اسکیمات جاری کرنے کا اہم مقصد مستحق افراد اس سے بھر پور استفادہ کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی مستحق غریب افراد ہوں وہ ، متعلقہ دفاتر میں درخواست گذاری کریں ۔ اگر کسی کو وظیفہ منظور نہیں ہوا ہو وہ بھی دوبارہ درخواست دیں ۔ متعلقہ عہدیدار انکوائری کر کے رپورٹ پیش کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ حکومت نے فوڈ سیکوریٹی کارڈ فراہم کرنے کے مقصد سے درخواستیں طلب کی ہیں ۔ درخواستوں کی مکمل انکوائری کے بعد فوڈ سیکوریٹی کارڈ میں موجود ہر ایک فرد کے لیے 6 کیلو چاول فی کیلو ایک روپئے میں فراہم کرنے کی پابند ہے ۔ اگر کسی گھر میں 6 افراد ہوں ان کو 36 کیلو دیا جائے گا ۔ فوڈ سیکوریٹی کارڈ میں چاول فراہم کرنے میں کسی بھی طرح کی حد مقرر نہیں ہے ۔ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی حکومت کی اسکیمات سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہورہی ہیں اور عوام کے سامنے گمراہ کن بیانات جاری کررہے ہیں اور گھر گھر پینے کے پانی کے نل کنکشن فراہم کرنے کا بھی حکومت تلنگانہ منصوبہ رکھتی ہے ۔

ضلع محبوب نگر ایک پسماندہ ضلع ہے ۔ ضلع کی ترقی کے لیے تلنگانہ حکومت کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرض معاف کرنے کے وعدے کی بھی پابند ہے ۔ شاد نگر حلقہ کے کندورگ منڈل کے لکشمی دیوپلی کے پاس تعمیر کئے جانے والے پراجکٹ سے ضلع محبوب نگر اور ضلع رنگاریڈی کی سینکڑوں ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کے لیے جامعہ منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ ضلع محبوب نگر میں 3110 کیلو میٹر آر اینڈ بی کی سڑکیں ہیں اور 10 ہزار 381 کیلو میٹر پنچایت راج کی سڑکیں ہیں موجودہ تمام سڑکوں کو جلد از جلد آئینہ کی طرح تیار کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ دیہی علاقوں سے شہری علاقوں کو جانے والی سڑکوں کی مرمت اور جدید سڑکیں بھی ڈالنے کے لیے تلنگانہ حکومت درکار فنڈ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔ ضلع محبوب نگر میں 7480 تالابیں موجود ہیں ان تمام تالابوں کو مرمت کرتے ہوئے استعمال کے قابل بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ حلقہ اسمبلی شاد نگر اور اس کے اطراف و اکناف میں بالخصوص کتور منڈل میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ مذکورہ مقامات پر واقع انڈسٹری مالکین کے ساتھ بہت جلد اجلاس طلب کرتے ہوئے مقامی بے روزگار افراد کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے کوٹہ مختص کرنے کے لیے توجہ دلاتے ہوئے زور دینے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی ۔ بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے کی تلنگانہ حکومت پابند ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ برقی بحران سے نمٹنے کے لیے حال ہی میں چھتیس گڑھ ریاست کا دورہ کرتے ہوئے وہاں سے ایک ہزار میگاواٹ برقی خریدنے کے لیے معاہدہ طئے پایا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ اے پی جتندر ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی حکومت انتخابی منشور پر عمل آوری کرتے ہوئے آسرا اسکیم کا چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لایا گیا ہے ۔ سنہرے تلنگانہ بنانے کے خواب کو ٹی آر ایس حکومت پورا کرے گی ۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے مخاطب کرتے ہوئے آسرا اسکیم کا ضلع محبوب نگر کے کتور منڈل میں آغاز کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سابقہ حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آندھرائی قیادتیں تلنگانہ کے ساتھ کافی نا انصافیاں کی ہیں ۔ سابقہ حکومت بیواؤں ، عمر رسیدہ میں 2 سو روپئے اور معذورین میں 5 سو روپئے وظیفہ جاری کیا کرتی تھی ۔ لیکن ٹی آر ایس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے بیواؤں ، معمرین کے لیے ایک ہزار روپئے اور معذورین کو 1500 روپئے فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی شادی مبارک اسکیم ، مہیلا گروپوں کے لیے بلا سودی قرض اور دیگر منفرد اسکیمات کے ذریعہ ریاست کو ترقی کی سمت رواں دواں کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر کے سی آر نے شمع روشن کی ۔ جلسہ کے اختتام پر مستحق غریب بیواؤں اور عمر رسیدہ افراد میں اور معذورین میں آسرا اسکیم تقسیم کرتے ہوئے افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ایم پی محبوب نگر اے پی جتندر ریڈی ، ارکان اسمبلی وائی انجیا یادو ، لکشما ریڈی ، جوپلی کرشنا راو ، رام موہن ریڈی ، سرینواس گوڑ ، جی بالراج ، مری جناردھن ریڈی ، ٹی کرشناریڈی ، وینکٹیشورلو ضلع پریشد چیرمین محبوب نگر پی بھاکر ، ایم ایل سی جگدیشور ریڈی ، ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی ، جوائنٹ کلکٹر ایل شرمن ، ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجا رامکے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلی عہدیدار موجود تھے ۔ چیف منسٹر کے سی آر بذریعہ کاروں کے قافلہ جلسہ گاہ حیدرآباد سے پہونچے اس موقع پر پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا تھا ۔۔