پنشن اجرائی کی عہدیداروں کو ہدایت، ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا کا بیان
حیدرآباد۔/8نومبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا نے کہاکہ تلنگانہ میں کوئی بھی مستحق ضعیف، معذور افراد اور بیوائیں حکومت کے پنشن سے محروم نہیں رہیں گے۔ ہر مستحق فرد کو پنشن کی اجرائی یقینی بنانے کیلئے عہدیداروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضعیف اور بیواؤں کیلئے وظیفہ کی رقم کو 200روپئے سے بڑھا کر 1000 روپئے کیا گیا ہے جبکہ معذورین کیلئے یہ رقم 1500روپئے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تلگودیشم دور حکومت میں وظیفہ صرف 75روپئے دیا جاتا تھا جسے کانگریس نے 200روپئے کیا۔ ٹی آر ایس حکومت نے موجودہ مہنگائی اور ضروریات کو دیکھتے ہوئے پنشن کی رقم میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنشن کی اجرائی کیلئے بجٹ میں 4000 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں اور حکومت تمام مستحق افراد کو پنشن کی اجرائی میں سنجیدہ ہے بھلے ہی بجٹ پر مزید بوجھ کیوں نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مستحق پنشن سے محروم نہیں رہے گا اور ایک بھی غیر مستحق پنشن حاصل نہیں کرپائے گا۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے بہت جلد اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جنہیں پنشن منظور نہیں ہوا وہ دوبارہ عہدیداروں کے پاس درخواست پیش کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کے بعد غریب اور کمزور طبقات کی بھلائی کے عہد کے ساتھ ٹی آر ایس حکومت نے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا ہے اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کے ذریعہ تمام افراد کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ راجیا نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران آندھرائی جماعتوں کے قائدین سوال کرتے تھے کہ تلنگانہ ریاست کے حصول سے عوام کو کیا فائدہ ہوگا، لیکن کے سی آر نے یہ ثابت کردیا کہ تلنگانہ ریاست عوام کی بھلائی کیلئے ہوگی اور اسی بنیاد پر حکومت نے عوامی بجٹ تیار کیا ہے۔