بنیادی سہولتوں‘ عصری آلات کیلئے فنڈز میں اضافہ : وزیر صحت
حیدرآباد ۔ 28 مارچ ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وزیر صحت سی لکشما ریڈی نے ریاستی قانون ساز اسمبلی میں اعلان کیا کہ ریاست کے سرکاری دواخانوں کی نئی صورت گری کرتے ہوئے انہیں تمام ضروری سہولتیں اور متوسط و غریب طبقات کے عوام کو صحت و طبابت کی بہترین خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ ایوان میں صحت کے شعبہ سے متعلق مطالبات زر پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر لکشما ریڈی نے ریاست کے سرکاری دواخانوں کی تمام سطحوں پر نئی صورت گری و صفائی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان دواخانوں کو نئے بستروں ‘ طبی آلات اور دیگر ضروری ساز و سامان کی فراہم کیلئے مختص کئے جانے والے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ دواخانوں کو عصری آلات کی خریدی کیلئے 600کروڑ روپئے کی فراہمی کے علاوہ صحت و صفائی کیلئے 171کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس سے زیادہ بہتر و موثر علاج کی فراہمی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔