حیدرآباد 7 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر رائو آج ضلع نظام آباد کے مصروف ترین دورہ کے موقع پر آرمور میں محفوظ پینے کے پانی کی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد آرمور حلقہ کے موضع انکاپور میں زرعی ریسرچ سنٹر کے قیام کیلئے خصوصی اقدامات انجام دینے کا اعلان کیا ، چیف منسٹر، وزراء اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کے دورہ کے موقع پر اسکولی طلباء کو استقبال کیلئے کھڑا نہ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اس پر امتناع کرنے اور زیر التواء لال جوار کے کسانوں کو بقایہ جات کی ادائیگی کا اعلان کیا چیف منسٹرمسٹر کے چندر شیکھر رائو نے آج ضلع نظام آباد کے آرمور میں سری رام ساگر پراجیکٹ سے لفٹ کے ذریعہ تعمیر کئے جانے والے 114 کروڑ روپئے کے محفوظ پینے کے پانی اسکیم کی سربراہی کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور اس موقع پر جاوید بھائی منی اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ عام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آرایس حکومت انتخابات میں کئے گئے تمام وعدوں پر عمل آوری کیلئے پابند عہد ہے اور تلنگانہ کے تمام کسانوں کو ایک لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات کی معافی کیلئے کابینہ میں منظوری عمل میں لائی گئی ہے اور ریزرو بینک کے کی شرائط کی تکمیل کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے اور عنقریب اس کی عمل آوری ہوگی اس اسکیم کے ذریعہ 39لاکھ کسانوں کو 19 ہزار کروڑ روپئے قرض کی رقم معافی عمل میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر آٹو رکشائوںاورزرعی ٹراکٹرس پر سے روڈ ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے آٹو رکشا اور کسانوں کے ٹراکٹر ٹرالی سے روڈ ٹیکس کو برخواست کیا جارہا ہے انتخابات میں مستحق افراد کو امکنہ جات کی فراہمی کا اعلان کیا تھا اور اس پر حکومت پابند عہد ہے لیکن محکمہ ہائوزنگ میں ہوئی دھاندلیوں کی تحقیقات کے بعد مستحق ہر خاندان کو تین لاکھ 50 ہزار روپئے دو کمرہ والا مکان تیار کیا جائیگا مسٹر چندر شیکھر رائو نے کہا کہ معمر اورضعیف، جسمانی معذورین افراد کو دسہرہ دیپاولی سے وظائف کی منظوری عمل میں لائے گی اور جسمانی معذورین کو 1500 روپئے اور معمر ، ضعیف ، بیوائوں کو ایک ہزار روپئے تک کے وظائف کی منظوری عمل میں لائے گی۔ تلنگانہ کے تمام دیہاتوں میں دیہی آبرسانی اسکیم کے تحت ہر موضع میں نلوں کے ذریعہ محفوظ پینے کے پانی کی سربراہی کی اسکیم کو عمل میں لانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ اندرون تین سالوں میں اس اسکیم کی تمام دیہاتوں کی عوام کو مستفید کروایا جائیگا انہوں نے سرکاری اسکیمات میں ہونے والی دھاندلیوں اور درمیانی افراد کی دھاندلیوں کے خاتمہ کیلئے ہر مستحق افراد کو حکومت کی اسکیمات سے مستفید کرانے کیلئے جامع خاندانی سروے 19؍ اگست کو کیا جارہا ہے لہذا تمام افراد اپنے تمام تفصیلات اس روز اندراج کرانے اور اس روز اپنی تمام مصروفیات کو ترک کرنے عوام سے اپیل کی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے کہا کہ 15؍ اگست کے روز دلتوں کو 3 ایکر اراضی فراہم کرنے کی اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے اور اس اسکیم کی منظوری کیلئے آج ہی فائل پر دستخط کیا گیا ہے اس اسکیم کے ذریعہ مستحق دلت کو 3ایکر اراضی فراہم کیا جائیگا جس کے پاس ایک ایکر اراضی ہے اسے دو ایکر جس کے پاس دو ایکر ہے اسے ایکر اراضی فراہم کرنے کے علاوہ حکومت کی جانب سے ایک سال تک مالیہ فراہمی اور بورویل کی تنصیب اور موٹر اور کنکشن کا خرچ بھی حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کیا۔چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو مقررہ وقت سے 2 گھنٹے تاخیر سے 1:15بجے پہنچے اور آرمور شہر کو گلابی جھنڈیوں اور خیر مقدمی فلیکسوں سے سجایا گیا تھا سڑکوں کے دونوں جانے بڑے پیمانے پر استقبال کیلئے اسکول کے طلباء و طالبات کو کھڑا کیا گیا تھا اور تلنگانہ کی روایتی بتکماں، بونال و دیگر روایتی رسم کو انجام دیا گیا ۔ چیف منسٹر کی آمد سے قبل آرمور شہر کے اہم سڑکوں کے تمام دکانات کو بند کرنے کے علاوہ نظام آباد آمد سے قبل آرمور روڈ پر ٹرافک کو روک دیا گیا جس کی وجہ سے عوام کو زبردست تکالیفات کا سامنا کرتے ہوئے دیکھا اور آرمور شہر کو پولیس کی چھاونی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔