حادثات کی روک تھام کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کا اقدام
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بڑھتے ہوئے سڑک حادثوں کی روک تھام اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے مقصد سے محکمہ ٹرانسپورٹ تلنگانہ کے تمام دس اضلاع میں انسٹی ٹیوٹ آف ڈرائیونگ ٹریننگ اینڈ ریسرچ قائم کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔ محکمہ کے ایک سینئیر عہدیدار کے مطابق مرکزی وزارت شوارع ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نے حال ہی میں کریم نگر ضلع کے سرسلہ منڈل کے مقام منڈے پلی میں ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے 16 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں ۔ اس انسٹی ٹیوٹ میں کئی سہولتیں بشمول عصری ٹریننگ آلات سے لیس کلاس رومس کمپیوٹرائز سسٹم ورکشاپ مہیا ہوں گے ۔ ایک الکٹرانک ڈسپلے روم ، آنکھوں کے معائنہ اور بلڈ گروپ کی جانچ کی سہولت ہوگی ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق تلنگانہ میں ہر سال اسٹیٹ اور نیشنل ہائی ویز پر حادثات میں کم و بیش ساٹھ ہزار افراد ہلاک ہورہے ہیں ۔ ڈرائیونگ میں مہارت نہ ہونے ، روڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے نقائص کی وجہ سے حادثات بڑھ گئے ہیں ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ حکومت ریاست میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے تمام اقدامات کررہی ہے ۔۔