حیدرآباد ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست نیوز) حیدرآباد اور سائبرآباد میں خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف قائم کردہ ’شی ٹیم ‘ کے مثبت نتائج موصول ہونے پر تلنگانہ پولیس نے اب ریاست کے تمام اضلاع میں شی ٹیم قائم کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سی آئی ڈی مسٹر ست نارائن نے آج میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں کمشنریٹس حدود میں خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف کامیاب طورپر کارروائی کی جارہی ہے اور اُس کے مثبت نتائج بھی موصول ہوئے ہیںجس کے سبب ریاستی پولیس نے اسے تمام اضلاع میں وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی سواتا لکڑا کی قیادت میں ضلعی سطح کی شی ٹیمس کو تربیت دی گئی ہے اور عنقریب یہ کارکرد ہوجائے گی ۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں کمشنریٹس حدود میں جملہ 300 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 33 افراد کو عدالت نے جیل کی سزاء سنائی ۔
سوائن فلو سے مزید 13افراد متاثر
حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں سوائن فلو کے مزید 13 کیسس درج کئے گئے ہیں ، اور جاریہ سال فوت ہونے والے مریضوں کی تعداد 73ہوگئی ہے۔ ریاستی حکومت نے ایک بلیٹن میں بتایا کہ یکم جنوری تا 31مارچ 2,266افراد سوائن فلو سے متاثر پائے گئے جن میں 77افراد جانبر نہ ہوسکے۔