تلنگانہ کے ترقیاتی کام ، ملک میں بے مثال

ریاست کی برق رفتار ترقی ، کونسل اجلاس میں الحاج محمد سلیم کا دعویٰ
حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں جاری مباحث میں حصہ لیتے ہوئے دعویٰ کیاکہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اتنے ترقیاتی کام انجام نہیںد یئے جارہے ہیں جتنے ریاست تلنگانہ میں انجام دیئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے ریاست کی تیز رفتار ترقی کا ادعا کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے برسر اقتدار جماعت کو بدنام کرنے کے لئے غیر ضروری ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جبکہ ریاست میں فلاح و بہبود کی سرگرمیاں و اسکیمات مؤثر انداز میں چلائی جارہی ہیں۔ الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود بالخصوص مسلم لڑکیوں کی شادی کے لئے شادی  مبارک اسکیم کو روشناس کرواتے ہوئے اُسے مؤثر طریقہ سے استفادہ کنندگان تک پہنچارہی ہے۔ اسی طرح دیگر اسکیمات بھی چلائی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی دور اندیش قیادت ریاست کی ترقی کی ضامن ثابت ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ جو لوگ حکومت کے خلاف پروپگنڈہ کررہے ہیں، اُنھیں اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔ الحاج محمد سلیم نے کہاکہ ریاست کی مجموعی ترقی کے لئے چیف منسٹر کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آبپاشی پراجکٹس کی تیز رفتار تکمیل کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اِسی طرح کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے علاوہ کسانوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے بغیر کسی تعطل کے اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔