تین ریاستوں سے برقی کے حصول کا منصوبہ، چیف منسٹر سے راجیو شرما کی بات چیت
حیدرآباد 2 ستمبر (پی ٹی آئی )دیہاتوں کو برقی سہولتوں سے آراستہ کرنے والے مرکزی ادارہ رورل الیکٹریفیکیشن کور (آر ای سی )نے تلنگانہ میں حکومت کی طرف سے چلائے جانے والی برقی تنصیبات کی مختلف پراجکٹس کیلئے 20,000کروڑ روپئے کے فنڈس فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے۔ یہ اقدام جینکو ، ٹرانسکو اور دیگر برقی تقسیم کرنے والے اداروں کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ آر ای سی کے صدر نشین و ڈائرکٹر راجیو شرما نے آج یہاں سکریٹریٹ میں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے ملاقات کے دوران یہ تیقن دیا ۔ چیف منسٹر کی ایک تجویز پر راجیو شرما نے جینکو کے تمام پراجکٹوں کو فنڈ فراہم کرنے سے بھی اتفاق کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں برقی کی صورتحال پر راجیو شرما اور جینکو کے چیر مین و منیجنگ ڈائرکٹر بی پربھاکر راو کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا۔ انہوں نے پربھاکر راو سے کہا کہ 5,000 میگا واٹ سے بھی کم برقی کی مجوزہ پیداوار کو طویل، اوسط اور قلیل مدتی حکمت عملی کے ذریعہ بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ جینکو کے چیر مین و منیجنگ ڈائرکٹر نے چیف منسٹر سے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو آئندہ سال کے اختتام تک تین مختلف ریاستوں اور مرکزی ذرائع سے 2,800میگا واٹ اضافی برقی حاصل ہوگی اور جب یہ برقی دستیاب ہوجائے گی ریاست میں برقی کی قلت کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔نیز برقی کی اضافی پیداوار سے ہمارے پاس فاضل برقی دستیاب رہے گی۔