تلنگانہ کے اضلاع میں برقی کے پری پیڈ میٹرس کی تنصیب کا آغاز

تین مرحلوں میں ریاست گیر سطح پر میٹرس تبدیل کرنے کی تجویز ، سرکاری دفاتر میں تجربہ کے بعد تنقیدیں
حیدرآباد۔11مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر شہروں اور اضلاع میں تلنگانہ سدرن اسٹیٹ پاؤر ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ کی جانب سے پری پیڈ میٹر کی تنصیب کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ ماہ کے وسط میں 500 یونٹ سے زائد برقی استعمال کرنے والوں کے میٹر تبدیل کرتے ہوئے پری پیڈ میٹر نصب کئے جائیں گے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں مختلف سرکاری دفاتر میں برقی پری پیڈ میٹر کی تنصیب تجرباتی اساس پر کی جا چکی ہے اور چند یوم اس کا جائزہ لینے کے بعد تین مرحلوں میں شہر میں میٹر تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ سرکاری دفاتر میں میٹرس کی تبدیلی کے بعد ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے 500 یونٹ سے زیادہ برقی کا استعمال کرنے والوں کے میٹر تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ پری پیڈ میٹر کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی اس کے بعد 200 یونٹ سے زائد برقی استعمال کرنے والے صارفین کے میٹر کو پری پیڈ میٹرس سے تبدیل کیا جائے گا ۔ 200 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے میٹر تبدیل کئے جانے کے فوری بعد شہر حیدرآباد میں اور دیگر اضلاع کے علاوہ شہروں میں پری پیڈ میٹرس کی تنصیب کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے 100 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کے میٹر کو تبدیل کیاجائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ جن سرکاری دفاتر میں پری پیڈ برقی میٹر کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے ان دفاتر کے عہدیداروں نے ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے اس تجرباتی عمل کو ناکام قرار دینا شروع کردیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ پری پیڈ میٹرس سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے جبکہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے عہدیداروں کا کہناہے کہ جن سرکاری دفاتر میں تجرباتی طور پر پری پیڈ میٹرس لگائے گئے ہیں ان میں یہ تجربہ کامیاب رہا ہے اور اعلی عہدیداروں سے 500 یونٹ سے زائد برقی استعمال کرنے والے صارفین کے میٹرس کی تبدیلی کے سلسلہ میں مشاورت جاری ہے اور بہت جلد اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرتے ہوئے میٹروں کی تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا۔ عہدیداروں کے مطابق موسم باراں کی آمد سے قبل ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے تین مرحلوں میں میٹرس کی تبدیلی مکمل کرلی جائے گی اور دونوں شہروں میں 100 یونٹ سے زیادہ برقی استعمال کرنے والوں کے میٹرس کی مکمل تبدیلی عمل میں لائی جائے گی ۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ایس پی ڈی سی ایل کے حدود میں برقی چوری کو روکنے میں پری پیڈ میٹر انتہائی معاون ثابت ہوں گے اور ان میٹروں کی تبدیلی کے ذریعہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کو خسارہ سے بچایا جاسکتا ہے ۔