تلنگانہ کے اسکولی تعلیمی نصاب میں تبدیلیاں

جنسی مساوات ٹریفک قواعد انتخابی عمل، نئے اضلاع کی معلومات شریک نصاب
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اسکولس میں آئندہ تعلیمی سال سے نصاب میں جنسی حساسیت و احترام، ٹریفک قواعد اور انتخابات سے متعلق مضامین شامل رہیں گے۔ سوشل اسٹڈیز میں جنسی مساوات، جنسی توہین، اچھے بُرے احساس سے متعلق اسبابق ہوں گے۔ تلنگانہ میں جنسی حملوں کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر اس سبق کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ روڈ سیفٹی اور ٹریفک قواعد بھی پڑھائے جائیں گے۔ انتخابی عمل سے متعلق سبق بھی شامل ہوں گے۔ محکمہ جات ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اور اسکولی تعلیم کے حکام کی میٹنگ میں اسکولی نصاب میں ٹریفک قواعد کو شامل کرنے کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی حکومت کے رہبر اصول کے مطابق انتخابی عمل سے متعلق معلومات کو درسی کتب میں شامل کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت تو انتخابات سے متعلق مکمل درجہ کی تعلیم کی خواہاں ہے جبکہ ریاستی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و ٹریننگ نے اس کے کچھ حصے شامل کئے ہیں۔ نئی درسی کتب 15 فروری کے بعد دستیاب ہوں گی۔ ریاستی حکومت نے اضلاع کی تشکیل جدید کی ہے۔ نئے اضلاع سے متعلق معلومات سوشل اسٹڈیز درسی کتب میں شامل کی گئی ہیں۔ اسکولی تعلیم کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔