تلنگانہ کے اسکولوں اور کالجوں کو دسہرہ کی تعطیلات

حیدرآباد 23 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے بتکماں کو ریاستی سرکاری تہوار کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ چنانچہ اس ضمن میں تلنگانہ کے تمام جونیر کالجوں کیلئے 12 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ایک پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی تلنگانہ کے کمشنر انٹرمیڈیٹ تعلیم کی درخواست کے مطابق تلنگانہ کے تمام جونیر کالجوں اور کمپوزٹ ڈگری کالجوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پہلی میعاد برائے تعلیمی سال 2014-15 ء کے تحت دسہرہ تہوار کے لئے 25 ستمبر تا 7 اکٹوبر (بشمول دونوں دن) تعطیلات رہیں گی۔ جس کے اختتام کے بعد 8 اکٹوبر سے کالجوں کی دوبارہ کشادگی عمل میں آئے گی اور انٹرمیڈیٹ کے ماباقی امتحانات منعقد ہوں گے۔ کالجوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ دسہرہ تہوار کی تعطیلات میں تبدیلی کے سبب ایام کار کے نقصان کی پابجائی کے لئے 10 اور 11 جنوری 2015 ء کو یہ کالجس کام کریں گے۔ تلنگانہ کے تمام سرکاری، امدادی، خانگی و غیر امدادی انٹرمیڈیٹ کالجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعطیلات کے دوران جماعتوں کا اہتمام نہ کریں۔ علاوہ ازیں ریاست تلنگانہ میں تمام مدارس کو دسہرہ تہوار کیلئے 15 یوم کی تعطیلات دینے کا چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری و خانگی تمام تعلیمی اداروں کی جانب سے دسہرہ تہوار کیلئے 15 دن کی تعطیلات دینے کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا متعلقہ عہدیداران محکمہ تعلیم کو حکم دیا ہے۔ عیدوں و تہواروں کیلئے کافی ہونے جیسے تعطیلات دینے کیلئے تعلیمی کیلنڈر مرتب کرنے کا بھی عہدیداروں کو حکم دیا ہے اور کہاکہ سنکرانتی کی تعطیلات میں کمی کرنے کی بھی محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو ہدایات چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے دی گئیں۔ اِس دوران مشترکہ ریاستوں میں تعطیلات دینے سے متعلق سابق حکومتوں کی جانب سے امتیاز برتے جانے کا چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے الزام عائد کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ سنکرانتی تہوار کی تعطیلات میں کمی کریں۔ اُنھوں نے اس پر سختی سے عمل آوری کرنے کا متعلقہ عہدیداروں کو حکم دیا۔