تلنگانہ کے اردو مصنفین و شعرائے کرام کی سال 2017 کی مطبوعات پر انعامات

پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے اردو شعراء ، ادیبوں اور مصنفین کی سال 2017 کے دوران شائع شدہ مطبوعات پر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے انعامات عطا کئے جائیں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے اس سلسلہ میں ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ اردو اکیڈیمی کی اسکیم مطبوعات پر انعامات کے تحت شاعری ، فکشن ، طنز و مزاح ، بچوں کا ادب، تحقیق و تنقید اور متفرق زمروں میں انعامات دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ مطبوعات کو انعام کے لیے منتخب کرنے جناب محمد رحیم الدین انصاری صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی زیر نگرانی تمام زمروں کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ صحافتی بیان میں بتایا گیا کہ مطبوعات پر انعامات کے لیے درخواست گذار اپنی 5 مطبوعہ کتابیں درخواست اور تمام تفصیلات کے ساتھ 23 مارچ 2019 تک صدر دفتر اردو اکیڈیمی ، چوتھی منزل حج ہاوز نامپلی میں شخصی طور پر داخل کریں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مطبوعہ کتابیں ڈیمائی سائز کی کم از کم 96 صفحات پر اور کراؤن سائز کی کم از کم 112 صفحات پر مشتمل ہونی چاہئیں ۔ مولفہ و مرتبہ کتابوں میں ڈیمائی سائز کی مطبوعہ کتاب میں کم از کم پندرہ صفحات کا مقدمہ اور کراؤن سائز کتاب میں بیس صفحات کا مقدمہ شریک نہ ہو تو کتاب کو انعام کے لیے غور نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ کتابوں کو انعام کے لیے منتخب یا مسترد کرنے کا اختیار تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کو ہوگا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی سے انعام یافتہ کتاب کو دوبارہ انعام نہیں دیا جائے گا ۔ ڈائرکٹر سکریٹری نے بتایا کہ درخواست کا پروفارما صدر دفتر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی چوتھی منزل حج ہاوز نامپلی حیدرآباد سے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پروفامار کی زیراکس کاپی بھی قابل قبول ہوگی ۔۔