تلنگانہ کے ائمہ و موذنین کے اعزازیہ میں اضافہ

بہت جلد عمل آوری ، چیف منسٹر کے فیصلہ پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خیرمقدم
حیدرآباد ۔ /24 اگست (پریس نوٹ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے امام اور مؤذنین کو دیئے جانے والے اعزازیہ میں اضافے کا اعلان کیا ہے اب ریاست تلنگانہ میں امامت اور مؤذنین کی خدمات انجام دینے والوں کو ماہانہ پانچ ہزار روپئے اعزازیہ دیا جائے گا۔ بہت جلد اس پر عمل آوری کا آغاز ہوگا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے چیف منسٹر کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے دل کی عمیق گہرائیوں سے ان سے اظہار تشکر کیا اور بتایا کہ امام اور مؤذنین کو دیئے جانے والے اعزازیہ میں اضافہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اقلیت دوستی کا ثبوت دیا ہے ۔ ہندوستان میں وہ ایسے پہلے چیف منسٹر ہیں جس نے مسجد کی خدمت کرنے والوں کا خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر مسلمانوں کے بہت زیادہ قریب اور اللہ کے گھر کی خدمت کرنے والوں کے حالات سے بخوبی واقف ہیں ۔ اس لئے قیام تلنگانہ کے بعد انہوں نے ان خدمت گزاروں کیلئے ایک ہزار روپئے اعزازیہ مقرر کرتے ہوئے منفر د کارنامہ انجام دیا ۔ بعد ازاں اس میں اضافہ کرتے ہوئے پندرہ سو روپئے کیا اور اب اس کو پانچ ہزار روپئے کردیا گیا اس سے قبل کسی حکومت نے اس جانب توجہ نہیں دی تھی ۔ محمد محمود علی نے اماموں اور مؤذنین کے متعلق بتایا کہ یہ سماج کا ایسا طبقہ ہیں جن کی جانب کسی کی توجہ نہیں جاتی اور مسجد سے ادا کی جانے والی تنخواہوں میں ان کی گزربسر مشکل سے ہوتی ہے ۔ ان کی اس تکلیف کو چیف منسٹر نے محسوس کیا اور ان کو معاشی امداد فراہم کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی جس سے ریاست کے کم و بیش دس ہزار امام اور مؤذن حضرات استفادہ کررہے ہیں ۔