چیف منسٹر کے سی آر قول و فعل پر قائم نہیں ، قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( آئی این این ) : قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر زور دیا کہ وہ ریاست کے آبپاشی پراجکٹس پر کل جماعتی اجلاس طلب کریں ۔ وہ آج یہاں لیجسلیچر پارٹی آفس پر میڈیا سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے چیف منسٹر پر زور دیا کہ وہ آبپاشی پراجکٹس پر اپوزیشن کے رائے مشوروں اور تجاویز کو بھی خاطر میں لائیں ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ آبپاشی پراجکٹس پر عمل آوری کا جائزہ لیں جب کہ گوداوری ندی پر بریجس کی تعمیر کے لیے موظف انجینئران چیف ہنمنت راؤ کی خدمات سے استفادہ کریں ۔ اس کے علاوہ حکومت کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ ریاست کے تمام اضلاع کے زیر زمین ذخیرہ آب کی سطح میں اضافے کریں ۔ جانا ریڈی نے مزید کہا کہ کے سی آر نے جتنے بھی وعدے کیے ہیں اس پر عمل آوری میں وہ غیر سنجیدہ ہیں کیوں کہ وہ وقفہ وقفہ سے اپنی سوچ کو تبدیل کررہے ہیں تو دوسری طرف سرکاری عہدیداران بھی چیف منسٹر کو کوئی اہمیت نہیں دے رہے ہیں ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ اسمبلی نے وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے چیالنج کیا کہ وہ استعفیٰ کے بعد کامیابی کا یقین رکھتے ہیں تو نارائن کھیڑ سے انتخاب جیت کر بتائیں ۔ وہ میڈیا کے ساتھ ظہرانہ میں شامل رہے جس میں انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی موجودہ پانچ روپئے لنچ اسکیم کو ماضی کے کانگریس دور حکومت ہی میں متعارف کیا گیا تھا تاہم آج ٹی آر ایس دوبارہ اس اسکیم کو بحال کر کے اپنی اسکیم ظاہر کررہی ہے جو کہ مضحکہ خیز ہے ۔۔