نئی دہلی۔/25جنوری، ( راست ) یوم جمہوریہ کے موقع پر مرکزی حکومت کی جانب سے مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کو نمایاں خدمات پر ایوارڈس دیئے جارہے ہیں ان میں تلنگانہ کی6 شخصیتیں شامل ہیں۔ ضلع کھمم کے ایڈی پلی گاؤں سے تعلق رکھنے والے ڈی وناجیون رامیا ، ضلع نلگنڈہ کے آلیر منڈل میں سراجی پیٹ سے تعلق رکھنے والے سی ملیشم کو باوقار پدم ایوارڈس دیئے جائیں گے۔ ڈی رامیا کو نمایاں خدمات پر پدم شری ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے سرسبز و شادابی میں اضافہ کیلئے اپنی زندگی وقف کردی اور انہیں ایک کروڑ درخت لگانے ( شجرکاری ) کا اعزاز حاصل ہے۔ سی ملیشم کو سائنس و ٹکنالوجی کے شعبہ میں پدم شری کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے ’ لکشمی اسو مشین ‘ ایجاد کی جس سے ایک ساڑی تیار کرنے کیلئے بافندوں کو چار گھنٹے درکار ہوتے تھے اس مشین کے ذریعہ صرف90منٹ میں یہ کام مکمل ہورہا ہے ۔ اس طرح خواتین کو کام پر زیادہ معاوضہ یقینی ہوا۔ اس مشین سے پوچم پلی میں بافندوں کے کام میں 60فیصد اضافہ ہوا۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر پروفیسر اے یادگیری راؤ ( فن مجسمہ سازی ) ، چندر کانت پٹھاوا ( سائنس اینڈ انجینئرنگ ) ، موہن ریڈی وینکٹ راما بوڈانا پو ( ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ) اور حکیم محمد عبدالوحید ( میڈیسن ) کو بھی باوقار ایوارڈس کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ سابق ناسکام سربراہ بی وی آر موہن ریڈی نے پدم ایوارڈ دیئے جانے پر مرکزی حکومت سے اظہار تشکر کیا۔