حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( دکن نیوز ) : تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام پرکاشم ہال گاندھی بھون میں ایک تقریب منائی گئی جس میں کمیٹی نے شیرینی بھی تقسیم کی ۔ صدارت ایس کے افضل الدین صدر قومی سالمیت کمیٹی نے کی ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے کیپٹن اتم کمار ریڈی صدر پردیش کانگریس کمیٹی تلنگانہ ، وی ہنمنت راؤ رکن پارلیمان ، سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا ، جی نارائن ریڈی ( بھونگیر ) ، کملا کر راؤ سابق رکن قانون ساز کونسل ، نیرالاشاردا صدر مہیلا کانگریس تلنگانہ ، پریم لعل ، دیانند نیشنل ٹریڈ یونین آل انڈیا جنرل سکریٹری ، ڈاکٹر ایم اے انصاری جنرل سکریٹری و دیگر شریک تھے ۔ وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ کی یوم تاسیس پر مبارکباد دی اور کہا کہ گاندھی خاندان نے ہمیشہ آزمائش و قربانیاں دیں اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے چھوٹی ریاستیں بنانے میں کوشاں رہی اسی کے لیے سونیا گاندھی نے تلنگانہ دیا اس کے لیے تمام کی کوششوں کی سراہنا کی جانی چاہئے ۔ سروے ستیہ نارائنا سابق مرکزی وزیر حمل و نقل نے کہا کہ ہمیں اس وقت آنجہانی اندرا گاندھی کو بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ ان کے دور میں تلنگانہ تحریک زور پکڑی
اور اس کی عمل آوری کے لیے انہوں نے مثبت اقدام کیا ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی صدر پردیش تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ کے احیاء کے ضمن میں محترمہ سونیا گاندھی صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کو مبارکباد دی جنہوں نے تلنگانہ کی عوام کے خواہشات کو مد نظر رکھا ، انہوں نے کہا کہ آج ٹی آر ایس یہ کہہ رہی ہے کہ ریاست ہماری مرہون منت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں تمام طبقات نے جو حصہ ادا کیا ہے اس میں اساتذہ ، ملازمین اور کانگریس کے کارکنان کی بڑی خدمت رہی ہے ۔ ایس کے افضل الدین نے تلنگانہ کی تاسیس پر سونیا گاندھی کی خدمات کو زبردست سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے تمام وعدے آج برفدان کے حوالے ہوچکے اور اس نئی ریاست کے وجود میں آنے کے بعد مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ۔ ڈاکٹر ایم اے انصاری نے کہا کہ دیرینہ خواب جو تلنگانہ کا تھا اس کی تکمیل محترمہ سونیا گاندھی نے پورا کیا ۔ مسرس پریم لعل ، پرشیورا راؤ ، اعجاز الزماں ، شاہد صدیقی ، امتیاز ، مظہر ، محمود شریف قادری ، جیمس ڈاینئل ، ودود ، و دیگر نے کانگریس پارٹی کی خدمات ، تلنگانہ کی یوم تاسیس اور سونیا گاندھی کی خدمات اور ٹیکنیکل ٹیچر ٹریننگ کے مسائل پر روشنی ڈالی ۔ سید فصیح حسین نے شکریہ ادا کیا ۔۔