تلنگانہ کی یوم تاسیس پر جشن اردو

حیدرآباد ۔6 ۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر جشن اردو کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے ان پروگراموں کی تیاری کا آغاز کردیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ تلنگانہ کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر چیف منسٹر دیگر تہذیبی پروگراموں کے ساتھ اردو زبان میں مختلف پروگرام منعقد کرنے کے حق میں ہیں تاکہ حیدرآبادی گنگا جمنی تہذیب کی جھلک دنیا بھر میں پیش کی جاسکے۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ جشن اردو بضمن یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا 4 جون سے آغاز ہوگا اور 5 دن تک مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ جن پروگراموں کے انعقاد کو قطعیت دی گئی ان میں کل ہند مشاعرہ ، کل ہند مزاحیہ مشاعرہ ، شامِ غزل ، قوالی اور تمثیلی مشاعرہ شامل ہیں۔ تلنگانہ کی تہذیب ، ادب اور اردو زبان کی ترقی کے موضوع پر دو روزہ سمینار منعقد ہوگا۔ جناب محمود علی نے کہا کہ سمینار اور مشاعروں میں مقامی شعراء و ادیبوں کے علاوہ قومی سطح کی نامور شخصیتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ شامِ غزل اور قوالی کے سلسلہ میں بھی بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکاروں کو مدعو کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مشاعرے للت کلاتھورانم باغ عامہ میں منعقد ہوں گے جبکہ تمثیلی مشاعرہ رویندرا بھارتی میں رکھا جائے گا۔ جناب محمود علی کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ میں اردو زبان کی ترقی اور ترویج میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 9 اضلاع میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ حکومت بہت جلد کھمم ضلع میں بھی اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیتے ہوئے احکامات جاری کرے گی ۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ دوسری سرکاری زبان کی حیثیت سے اردو پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی جائیں گی ۔ سرکاری دفاتر میں اردو ٹرانسلیٹرس کے تقرر اور اردو زبان میں درخواستوں کی قبولیت کے اقدامات کئے جائیں گے۔