حکومت سے شایان شان استقبال کا فیصلہ ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا مکرم جاہ کو مکتوب
حیدرآباد۔ 7مئی ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے آصف ثامن نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کو نوقائم شدہ ریاست تلنگانہ کی یوم تاسیس تقاریب میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اس سلسلہ میں نواب برکت علی خان کو ایک مکتوب روانہ کیا ۔ انہوں نے آصف ثامن سے خواہش کی کہ وہ تلنگانہ کی یوم تاسیس تقاریب میں شرکت کریں تاکہ نظام دورحکومت کے فلاحی اقدامات کو ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے جاری رکھے جانے کا بذات خود جائزہ لے سکیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اگر ان تقاریب میں مکرم جاہ بہادر شرکت سے اتفاق کریں تو حکومت ان کا شایان شان استقبال کرے گی ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ سابق نظام اسٹیٹ کو تقسیم کرتے ہوئے تلنگانہ کے 10اضلاع کو آندھراپردیش میں ضم کردیا گیا تھا جس کے بعد سے نظام اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے عوام مسلسل ناانصافیوں کا شکار تھے۔ نظام دور حکومت میں جس طرح عوام کی بھلائی کے اقدامات کئے گئے ‘ آندھرائی حکمرانوں نے انہیں نظرانداز کردیا تھا ۔جس کے سبب عوام کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تلنگانہ سے ناانصافیوں کے خلاف ٹی آر ایس نے کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں 14برس تک مسلسل جدوجہد کی اور آخر کار نئی ریاست تلنگانہ تشکیل دی گئی ۔ جناب محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نظام دور حکومت کی طرح حیدرآباد میں گنگا جمنی تہذہب کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ نظام نے رعایا کے لئے جو ادارے قائم کئے تھے انہیں مستحکم کیا جارہا ہے ۔ خاص طور پر طبی خدمات سے متعلق ہاسپٹلس کی حالت میں سدھار پیدا کیا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ جس طرح نظام دور حکومت میں غریبوں کو وظائف مقرر کئے گئے اسی طرح کے سی آر حکومت میں بھی وظائف جاری کرنے کا عمل شروع کیا ہے ۔ جناب محمود علی نے نواب میر برکت علی خان سے خواہش کی کہ وہ یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب میں شریک ہوکر نظام دور حکومت کی یاد تازہ کریں ۔ نواب مکرم جاہ بہادر کو یہ مکتوب آسٹریلیا میں بذریعہ فیاکس روانہ کیا گیا جب کہ نظام ٹرسٹ کے ایک نمائندہ شخصی ملاقات میں حکومت تلنگانہ کی دعوت سے آگاہ کریں گے ۔ 2جون کو تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد ہوگی ۔ نئی ریاست کے قیام کے بعد یہ پہلا یوم تاسیس ہے ۔