تلنگانہ کی گاڑیوں کیلئے نمبر پلیٹ پر گزٹ کی اجرائی

حیدرآباد۔/11جون، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے آج نئی ریاست تلنگانہ میں چلنے والی گاڑیوں کے نمبر پلیٹ کے سلسلہ میں گزٹ کی اجرائی کردی ہے۔ اجراء کردہ گزٹ میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ تلنگانہ میں چلائی جانے والی گاڑیوں کا نمبر TS سے شروع ہوگا جبکہ عرصہ دراز سے ریاست تلنگانہ کی تحریک کے دوران یہ باور کرایا جارہا تھا کہ تلنگانہ میں گاڑیوں کا نمبر TGسے شروع ہوگا لیکن اب یہ واضح ہوچکا ہے کہ TS نمبر کی گاڑیاں ’’ تلنگانہ اسٹیٹ‘‘ کی کہلائیں گی۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے ایک خصوصی ترمیم شدہ گزٹ جاری کردیا گیا ہے اور گزٹ میں موجود احکام کے مطابق گاڑیوں کے نمبر پلیٹ کی تبدیلی کا عمل شروع ہوجائے گا۔ ریاست تلنگانہ کی 2جون کو باضابطہ تشکیل کے بعد سے تلنگانہ کے محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کی جانب سے نئی گاڑیوں کے رجسٹریشن کو بند کردیا گیا تھا جو آئندہ دو دن میں کھول دیئے جانے کا یقین ہوچکا ہے۔