تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی غیر اطمینان بخش

عوامی مفادات کیخلاف فیصلوں پر کڑی تنقید، تلنگانہ پرجا سمیتی کا یوم غداری، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پرجا سمیتی شریمتی نیرا کشور نے ریاست تلنگانہ میں برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے اور وہ مخالف عوام اور کسان دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کے عوام اور کسان طبقہ کئی مسائل سے دوچار ہے۔ وہ آج برسر اقتدار حکومت کی مخالف عوام اور کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف گن پارک پر تلنگانہ پرجا سمیتی کے زیراہتمام منعقدہ ’’یوم غداری‘‘ کے موقع پر مخاطب تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ 45 سالہ طویل جدوجہد سے تلنگانہ کے قیام کے بعد برسر اقتدار حکومت غیر اطمینان بخش کارکردگی اور غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں عوام اور کسانوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ چیف منسٹر نے قیام تلنگانہ سے قبل اور تحریک تلنگانہ کے دوران عوام سے جو وعدے کے تھے ان میں سے ایک وعدے کی بھی تکمیل نہیں کی بلکہ چیف منسٹر نے اقتدار کی گدی سنبھالتے ہی اپنے وعدوں کو فراموش کردیا اور عوام کی توقعات کے مغائر من مانی حکمرانی کررہے ہیں۔ پیشرو حکومتوں کی بہ نسبت موجودہ دور حکمرانی میں کسانوں کے خودکشی واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ریاست میں بے روزگاری کا مسئلہ بھی سنگین رُخ اختیار کرگیا ہے۔ اسی طرح سے سرکاری ہاسپٹلس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت انتہائی ابتر ہوتی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں ریاست کے دیگر محکمہ جات کی کارکردگی بھی غیر اطمینان بخش ہے جس کی وجہ سے عوام کئی مسائل کا شکار ہیں۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ تحریک کے دوران کئے گئے وعدوں مثلاً کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی، سرکاری مدارس، کالجس کے تعلیمی نظام کو مؤثر بنانے، سرکاری ہاسپٹلس کو ترقی دینے، ریاست میں 2 لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے علاوہ دیگر وعدے شامل ہیں، کو روبہ عمل لاتے ہوئے عملی اقدامات کرے بصورت دیگر آئندہ منعقد شدنی انتخابات میں ریاست کے عوام مجبوراً ’’کے سی آر ہٹاؤ ۔ تلنگانہ بچاؤ‘‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے خلاف اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور برسر اقتدار حکومت کو سبق سکھلائیں گے۔ اس موقع پر تلنگانہ پرجا سمیتی قائدین مسرز سداپا، پرتاپ کشور، راگھویر راؤ، بھوپتی کرشنا مورتی کے علاوہ دیگر تلنگانہ پرجا سمیتی قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں سمیتی قائدین نے حلف بھی لیا۔