چندرا بابو کے غلط پالیسیوں سے تلنگانہ مسائل کا شکار ، جتیندر ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ جتندر ریڈی نے تلنگانہ تلگودیشم قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ برقی بحران اور دیگر عوامی مسائل کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ذمہ دار قرار دینے کیلئے تلگودیشم قائدین دہلی کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے برقی کے حصول کے سلسلہ میں مرکزی وزیر پیوش گوئل سے ملاقات کے نام پر تلگودیشم قائدین حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دراصل تلگودیشم تلنگانہ میں ختم ہوچکی ہے اور دوبارہ عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے اس طرح کی ڈرامہ بازی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور وہ تلگودیشم کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ جتیندر ریڈی نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی اور زرعی شعبہ کو برقی سربراہی کے مسئلہ پر تلگودیشم قائدین کو احتجاج کا کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ چندرا بابو نائیڈو دور حکومت میں مخالف تلنگانہ پالیسیوں کے سبب آج ریاست کو مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ نئی دہلی پہنچ کر حکومت کے خلاف مہم چلانے کے بجائے تلنگانہ سے ناانصافی کرنے والے چندرا بابو نائیڈو کے خلاف احتجاج منظم کریں۔ چندرا بابو نائیڈو مختلف شعبوں بشمول برقی میں تلنگانہ کو اس کے جائز حق سے محروم کررہے ہیں۔