تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت ریاست میں آصف جاہی دور کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے احیاء کی خواہاں

سروے میں مکمل تفصیلات فراہم کرنے پر زور ، جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کا عید ملاپ تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔4 اگست ( سیاست نیوز ) نائب وزیراعلیٰ تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے 19اگست کو کرائے جانے والے سروے میں پرانے شہر کی عوام سے تعاون کرنے اور اپنے ناموں ، کام کاج اور بچوں کی مکمل تفصیلات کا اندرا ج کروانے کی اپیل کی۔ پرانے شہر کے ریاست نگر میں واقع ٹی آر ایس پارٹی کے دفتر میں منعقدہ دعوت عید میلاپ کے موقع پر انہوں نے کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میںتلنگانہ کے مسلمانو ں نے کافی نقصانا ت کا سامنا کیا ہے اورمتحدہ آندھرا پردیش کے حکمرانوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتیں بھی خاطر خواہ انداز میںتلنگانہ کے مسلمانوں تک نہیں پہنچی سکیں جس کے سبب حکومت کی رعایتوں سے پرانے شہر کی آبادی کا بڑا حصہ آج تک محروم رہا۔ انہو ں نے کہاکہ 19اگست کے سروے کے ذریعہ تلنگانہ حکومت تلنگانہ کی عوام کودرپیش مسائل سے واقفیت حاصل کریگی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو ریاست کی ترقی کے لئے کافی سنجیدہ ہیں لہذا عوام کی بھلائی اور بہتر حکمرانی کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات میںعوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔ جناب محمد محمود علی نے پولیس ‘ متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں ‘ سماجی جہدکاروں کو حکومت کے اس سروے میںتعاون کے لئے عوام میں شعور بیداری کے لیے مہم چلانے کی بھی خواہش کی تاکہ مستحق افراد کو حکومت کی جانب سے کرائے جانے والے سروے کا فائدہ مل سکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پرانے شہر کی آبادی کا بڑا حصہ معاشی اور تعلیمی پسماندگی کا شکار ہے جس کو دور کرنے کے لئے ریاستی حکومت مضبوط اقدامات کرے گی۔ جناب محمد محمود علی نے عید میلاپ تقریب میں پرانے شہر کی عوام سے کہاکہ ہمارا مقصد آصف جاہی دور کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا احیاء عمل میں لانا ہے۔انہوں نے وقف بورڈ کو قانونی اختیار ات فراہم کرنے کے متعلق بھی تلنگانہ حکومت کو سنجیدہ قراردیتے ہوئے کہاکہ بہت جلد اس کے متعلق کابینہ کا فیصلہ متوقع ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میںمسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات کی فراہمی کے علاوہ معاشی طور پسماندہ خاندان جو اب تک حکومت کی رعایتوں اور تحفظات سے محروم ہیں انہیں سفید راشن کارڈ کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا بھی اس موقع پر وعدہ کیا انہوں نے کہا کہ ریاست کے آٹوراں طبقہ کے لئے بھی حکومت نے خصوصی رعایتیں فراہم کی ہیں باوجود اسکے حکومت کے خزانے پر اس کا اثر پڑرہا ہے مگر وزیراعلی کے چندرشیکھر رائو نے آٹو کے متعلق تمام ٹیکس معاف کرتے ہوئے آٹو راں طبقے کی پریشانیو ں کو کم کرنے کاکام کیا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کے مسلمانو ںکو بارہ فیصد تحفظا ت کے ذریعہ علاقہ تلنگانہ کے دیگر اقوام اور طبقات کے ساتھ ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے بھی تلنگانہ حکومت بالخصوص وزیراعلی مسٹر کے چندرشیکھر رائو کی خصوصی دلچسپی کا اس موقع پر ذکر کیا۔ تقریب کی صدارت محمد یوسف جنرل سکریٹری ٹی آر ایس میناریٹی سل گریٹر حیدرآباد کی جبکہ ٹی آر ایس جنرل سکریٹری گریٹر حیدرآباد محمد اعظم علی خرم‘ اسٹیٹ جنرل سکریٹری میر عنایت علی باقری‘ مولانا یوسف زاہد‘شیخ صالح‘ ارشد علی خان‘ محمد انور‘ مسعود احمد‘ سکندر معشوقی کے علاوہ مقامی عوام کی کثیرتعداد نے بھی اس دعوت عید میلاپ میںشرکت کی۔