تلنگانہ کی ویب سائٹ ہیکنگ کا شکار، آدھارمواد کا سرقہ

فرانسیسی محقق نے آسانی سے سرکاری ڈاٹا تک رسائی حاصل کرلی۔ آئی ٹی سکیورٹی پر سوالیہ نشان!

حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) عالمی سطح پر حیدرآباد اور تلنگانہ کی انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز کی حیثیت سے شناخت کو ممکن بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن ان اقدامات کو اس وقت جھٹکہ لگا جب فرانسیسی محقق نے حکومت تلنگانہ کی ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اس میں موجود NREGAکے علاوہ آدھار کارڈ رکھنے والوں کا مکمل ڈاٹا حاصل کرلیا۔ فرانسیسی محقق نے جو ریکارڈ حاصل کیا ہے اس کے مطابق اسے 56لاکھ سے زائد NREGAاور اس کے علاوہ40لاکھ وظائف کی اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کے ریکارڈ حاصل ہوئے ہیں اور وہ ان کے آدھار کی تفصیلات معہ بائیومیٹرک تک بھی رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ فرانس سے تعلق رکھنے والے سائبر سیکیوریٹی ریسرچ اسکالر نے حکومت تلنگانہ کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی کامیاب کوشش کی اور کہا کہ اس ویب سائٹ میں موجود مواد تک رسائی حاصل کرنا کوئی مشکل نہیں ہے ۔ آدھار کارڈ کی تفصیلات کے تحفظ کے سلسلہ میں اب تک جو شکوک و شبہات خانگی کمپنیوں پر کئے جا رہے تھے اس کے سبب آدھار کارڈ رکھنے والوں کی تفصیلات کو محفوظ بنانے کے مطالبہ کئے جانے لگے تھے لیکن اب جبکہ سرکاری حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی ویب سائٹ کو ہی ہیک کرنے میں کامیابی حاصل ہونے لگی ہے اور اس ویب سائٹ کو ہی خطرات لاحق ہیں تو ایسی صورت میں ہندستانی شہریوں کی تفصیلات کسی کو بھی بہ آسانی دستیاب ہوسکتی ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کی جس ویب سائٹ پر ان دونوں اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی تفصیلات تک رسائی کے بعد حکومت کی جانب سے اس ویب سائٹ کو فوری اثر کے ساتھ بند کردیا گیا ہے لیکن اب تک جو خیال کیا جا رہا تھا کہ حکومت کی ویب سائٹس محفوظ ہوا کرتی ہیں ان ویب سائٹس کی سائبر سیکیوریٹی بھی خطرہ میں پڑی ہوئی ہے اور اس کا تاحال کو ئی حل نہیں نکالا جا سکا ہے۔اس ویب سائٹ کے ذریعہ ڈاٹا کی منتقلی بھی کوئی مشکل عمل نہیں ہے۔