تلنگانہ کی مدد سے اوڈیشہ کے 16 اضلاع میں برقی سربراہی بحال

چیف منسٹر کی جانب سے ریاستی عملہ کی ستائش۔ صدر نشین و ایم ڈی ٹرانسکو نے بھی مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔14مئی(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اوڈیشہ میں برقی بحال کرنے میں مصروف عملہ اور عہدیداروں کو 16 اضلاع میں برقی بحالی یقینی بنانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ کی جانب سے ملک کی طوفان سے متاثرہ ریاست میں برقی سربراہی کو بحال کرنے کے اقدامات کامیاب ہوئے ہیں اور ان حالات میں برقی عہدیداروں اور عملہ نے چیالنج قبول کرکے پڑوسی ریاست کے عوام کیلئے راحت کاری کام سے مثال قائم کی ہے۔ مسٹر ڈی پربھاکر راؤ صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر ٹرانسکو نے بھی اوڈیشہ میں خدمات انجام دینے والے عملہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ کے برقی عملہ نے ناگہانی حالات میں اوڈیشہ میں خدمات انجام دے کر برقی بحالی کیلئے جو کام کئے ہیں وہ لائق ستائش ہیں کیونکہ ناگفتہ بہ حالات میں عملہ کی جانب سے انسانیت کی خدمت کے ذریعہ سماجی ذمہ داری پورا کرنے کی مثال قائم کی گئی ہے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے اوڈیشہ میں برقی بحال کرنے اقدامات کے سلسلہ میں کاموں کے دوران اب تک 34کیلو میٹر برقی لائن کی تنصیب کے علاوہ 537 برقی کھمبوں اور 74برقی ٹرانسفارمرس کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ حکومت اوڈیشہ نے طوفان فانی سے تباہی کے بعد برقی سربراہی کی بحالی کیلئے حکومت تلنگانہ سے مدد طلب کی تھی جس پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے چیف سیکریٹری ایس کے جوشی اور ڈی پربھاکر راؤ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو کو ہدایت دی تھی کہ وہ اوڈیشہ ٹیم روانہ کرنے اقدامات کریں۔ حیدرآباد سے سرکردہ عہدیداروں کی ٹیم جو کہ 7مئی سے ان کاموں میں سرگرم ہے نے فوری طور پر اوڈیشہ کے مختلف اضلاع میں برقی بحالی کو یقینی بنانے کے کاموں کا آغاز کیا جس کے نتیجہ میں وہاں کئی اضلاع میں برقی سربراہی بحال ہوچکی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ سے اوڈیشہ جانے والی ٹیم نے طوفان کے سبب گرنے والی برقی کھمبوں اور درختوں کو ہٹانے کے علاوہ نئے برقی کھمبوں کی تنصیب اور برقی لائن کی تنصیب کے اقدامات کو ممکن بنایاہے۔طوفان کی تباہی سے نمٹنے کیلئے حکومت اوڈیشہ کی جانب سے تلنگانہ سے طلب کی گئی مدد پر ریاستی حکومت نے مثبت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے درکار مدد کی فراہمی کو یقینی بنایا جس کے نتیجہ میں اڈیشہ کے 16اضلاع میں برقی بحال ہو چکی ہے۔