ریاستی وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ کی مرکزی وزیر صحت و روزگار سے نمائندگی
حیدرآباد 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع حکومت تلنگانہ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی قومی شاہراہوں کی ترقی کو یقینی بنانے کا مرکزی وزیر محنت و روزگار مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے واضح تیقن دیا ہے۔ آج یہاں وزیر عمارات و شوارع ریاست تلنگانہ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے ریاست تلنگانہ کی شاہراہوں سے متعلق مسائل سے واقف کروانے کیلئے مرکزی وزیر محنت و روزگار مسٹر بنڈارو دتاتریہ سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ تلنگانہ کی قومی شاہراہوں کی ترقی پر مرکزی حکومت کو توجہ دلانے کی خواہش کرنے کیلئے خصوصی طور پر ملاقات کی تھی۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی قومی شاہراہوں کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت سے مؤثر نمائندگی کرنے کا مسٹر دتاتریہ نے تیقن دیا ہے اور مرکزی وزیر نے انھیں بتایا کہ لوک سبھا سیشن کے اختتام کے فوری بعد مرکزی وزیر عمارات و شوارع مسٹر نتن گڈکری سے بات چیت کرکے تلنگانہ ریاست کی تمام شاہراہوں بالخصوص قومی شاہراہوں کے مسئلہ پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر وزیر عمارات و شوارع ریاست تلنگانہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا بھی اہتمام کروانے کا تیقن دیا۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے کہاکہ ان کے تلنگانہ کابینہ میں شامل کئے جانے کے بعد مرکزی وزیر محنت و روزگار مسٹر دتاتریہ کے ساتھ خیرسگالی ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر مسٹر ناگیشور راؤ کے مرکزی وزیر محنت و روزگار مسٹر بنڈارو دتاتریہ کو تہنیت پیش کی اور پھر مسٹر دتاتریہ بھی مسٹر ناگیشور راؤ کو شال اوڑھاکر تہنیت پیش کی۔