تلنگانہ کی فلمی صنعت کو فروغ دینے پر زور ، نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں

فلم ٹیپو سلطان کی شوٹنگ کا مہورت ، جناب زاہد علی خاں و جناب محمد محمود علی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کی فلمی صنعت کو فروغ دیا جانا چاہئے ۔ اس لیے کہ یہاں فلمی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے نوجوانوں کی کمی نہیں ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرے ۔ان خیالات کا اظہار ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے آج مینار فلم پروڈکشن کے بیانر تلے پروڈکشن 2 ڈائرکٹر سنجے پنجابی کے ڈائرکشن میں شروع کردہ فلم ’ ٹیپو سلطان ‘ کی Methodist انجینئرنگ کالج میں آج شوٹنگ کے آغاز پر کیا ۔ فلم کی افتتاحی تقریب کا ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی نے مہورت رکھا اور فلم کی کامیابی کے لیے ڈائرکٹر سنجے پنجابی ہیرو توفیق خان فلم کی ہیروئن Anukriti Govind شرما کو دلی مبارکباد پیش کی جب کہ زاہد علی خاں نے اس فلم کے ہیرو توفیق خان کی پہلی فلم ’ ایک تھا سردار ‘ کی ستائش کرتے ہوئے فلم کی کامیابی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس فلم کی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآبادی فنکار بھی اب اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ فلمی دنیا میں خود کی محنت کے ساتھ ساتھ شہر کا نام بھی روشن کرتے ہوئے یہ ثابت کررہے ہیں کہ ہم بھی کسی سے کم نہیں ۔۔