تلنگانہ کی عوام چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ ہونے کا ثبوت

ورنگل میں ٹی آر ایس جلسہ تاریخی و کامیاب
چیرمین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین کا ادعا
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین نے ورنگل میں ٹی آر ایس کے یوم تاسیس جلسہ عام کو تاریخی اور کامیاب قرار دیا اور کہا کہ لاکھوں افراد کی شرکت کے ذریعہ پھر ایک مرتبہ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ تلنگانہ کے عوام کے سی آر کے ساتھ ہیں۔ ورنگل جلسہ عام سے واپسی کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اکبر حسین نے کہا کہ ریاست کے ہر ضلع سے عوام نے جوق درجوق اس جلسہ عام میں شرکت کی۔ ہزاروں کی تعداد میں کسان ٹریکٹرس کے ذریعہ ورنگل پہنچے جن کے ہمراہ وزراء اور عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔ شدید گرمی کے باوجود مختلف اضلاع سے سیکلوں اور موٹر سیکلوں پر بھی پارٹی کارکن اور حامی جلسہ میں شرکت کیلئے پہنچے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی آر ایس حکومت نے عوام کے دلوں میں جگہ بنالی ہے اور 2019 کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی دوبارہ کامیابی یقینی ہے۔ اکبر حسین جنہوں نے دو دن تک ورنگل میں قیام کرتے ہوئے انتظامات میں حصہ لیا بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری، وزیر آبپاشی ہریش راؤ اور ورنگل ضلع سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے جلسہ عام کی کامیابی کو یقینی بنایا ہے۔ اکبر حسین نے کہا کہ ورکرس کے علاوہ دیگر اضلاع سے اقلیتی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اقلیتی فرقہ کی خواتین بھی بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں دیکھی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے عوامی بھلائی کے جو اقدامات کئے ہیں اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس کی منفرد اسکیمات سے غریب اقلیتی خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے غریبوں کو راست قرض کی فراہمی کی تجویز ہے اور مائیکرو لون اسکیم پر عمل آوری کا جلد ہی آغاز ہوگا۔ اکبر حسین نے جلسہ کی کامیابی کیلئے تلنگانہ کے عوام سے اظہار تشکر کیا اور اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ حکومت کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔