تلنگانہ کی عوام حکمران جماعت کے وعدوں پر عمل آوری کے منتظر

وعدوں کی تکمیل تک احتجاج جاری رکھنے کا عزم ، سی پی آئی گریٹر حیدرآباد کی مجلس عاملہ کا اجلاس ، عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔25مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے ایک سال بعد بھی ریاست کی عوام حکمران جماعت کے وعدوں پر عمل آواری کی منتظر ہے بالخصوص معاشی اور تعلیمی پسماندگی کاشکار طبقات سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل سے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ریاست تلنگانہ میںحکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر محاذ آرائی جاری رکھے گی۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا گریٹر حیدرآباد نارتھ زون کی مجلس عاملہ سے خطاب کے دوران سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کنونیر نارتھ زون ڈاکٹر سدھاکر کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ نئی ریاست میںبرسراقتدار ْآنے والی سیاسی جماعت تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپنے انتخابی منشور میںتلنگانہ کی عوام سے جو وعدے کئے تھے ایک سال گذرنے کے باوجود ان وعدو ں پر عمل آواری ندارد ہے۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے مزیدکہاکہ مسلمانو ںکو بارہ فیصد تحفظات کی فراہمی‘ کے جی تا پی جی مفت تعلیم جیسے اہم وعدوںکی تکمیل سے حکمران جماعت کا پس وپیش ریاست تلنگانہ کی مسلم اقلیت کو احساس کمتری کاشکار بنار ہا ہے۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے تلنگانہ میں نئی حکومت کی ایک سال کی تکمیل کے باوجودوقف اراضیات کی حفاظت اوربازیابی کے متعلق حکومت تلنگانہ کے غیر سنجیدہ رویہ پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میںلاکھوں ایکڑ وقف اراضی یا تو غیرمجاز قبضوں کا شکار ہے یا پھر حکومت او رمتعلقہ محکمہ کی لاپراہیوں کے سبب تباہی کے دہانے تک پہنچ گئی ہیں۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے حکمران جماعت کے انتخابی منشور کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ ریاست میںبرسراقتدار آنے پر وقف اراضیات کی حفاظت اور وقف کمشنریٹ قائم کرنے کا حکمران جماعت نے ریاست کے مسلمانوں سے وعدہ کیاتھا جس پر اب تک عمل ندارد ہے۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے اس موقع پر آلیر فرضی انکاونٹر کا بھی ذکر کیااو رکہاکہ پانچ بے قصور نوجوانوں کو کھلے عام قتل کرنیوالے پولیس کی وردی میں چھپے قاتل آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ انہو ں نے واضح ثبوت اورشواہد کے باوجود حکومت تلنگانہ نے قاتلوںکے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے فرقہ پرست ذہن کے حامل پولیس عہدیداروں کے ہاتھ میں تحقیقات کی ذمہ داری سونپی ہے۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور اس کی محاذی تنظیم انصاف آلیرفرضی انکاونٹرمتاثرین کے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کے خلاف مسلسل احتجاج کرتے آرہے ہیںاور حصول انصاف تک ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔جناب سید عزیز پاشاہ نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے ایک سال کی تکمیل پر گریٹر حیدرآباد میں سی پی آئی گریٹر حیدرآباد کی جانب سے بڑے پیمانے پر جشن منانے اور حکومت کی ناکامیوںکو عوام کے سامنے پیش کرنے کا ایک ہفتہ طویل پروگرام کا بھی اس موقع پر اعلان کیا۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ سی پی آئی گریٹر حیدرآباد نارتھ زون کے زیراہتمام2جون کو شالیمار فنکشن ہال رام کوٹ پر دھوم دھام پروگرام کا انعقاد عمل میں آئے گا اس کے علاوہ شہر کے مختلف حصوں میں حکومت کی ناکامیوں کے خلاف گول میز کانفرنس ‘ اجلاس اور جلسہ عام بھی منعقد کئے جائیںگے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے جشن کے ساتھ حکومت کی ناکامیوں کو عوام پر آشکار کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔