تلنگانہ کی شاہراہوں کو قومی شاہراہوں میں تبدیل کرنے کا تیقن

مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کا مثبت ردعمل: ٹی ناگیشور راؤ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : وزیر عمارات و شوارع ریاست تلنگانہ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ مسٹر نتن گڈکری نے ریاستی حکومت کی نمائندگی پر ریاست تلنگانہ میں 1,018 کیلو میٹر طویل شاہراہوں کو قومی شاہراہوں میں تبدیل کرنے کا واضح تیقن دیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ مسٹر نتن گڈکری کے دورہ کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے بتایا کہ انہوں نے مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ سے واضح طور پر کہا کہ جن شاہراہوں کے تعمیری کام آغاز ہوں گے ان شاہراہوں کو چار رخی شاہراہوں میں تبدیل کرنے کے اقدامات کرنے کی خواہش کی گئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے سمنٹ کے استعمال میں اصافہ کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں مرکزی وزیر نے انہیں ( ناگیشور راؤ کو ) بتایا کہ پارلیمنٹ سیشن میں ندیوں کے بہاؤ سے متعلق بل پیش کیا جائے گا اور اس بل میں ملک میں پائے جانے والے 101 ندیوں کو شامل کیا جائے گا ۔ لہذا اس بل میں دریائے گوداوری کو بھی شامل کرنے کی گئی خواہش پر اتفاق کیا اور ان سے اس بات کی بھی خواہش کی گئی کہ گوداوری کو بکھنگم کنال سے مربوط کریں ۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے انہیں ( مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ ) بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے باسرا تا چینائی تک پانی کا بہاؤ ( آبی ٹرانسپورٹ ) ممکن ہوسکے گا۔ وزیر عمارات و شوارع ریاست تلنگانہ نے بتایا کہ ریاست میں دو ڈرائی پورٹس قائم کرنے سے مسٹر نتن گڈکری نے اتفاق کیا اور ان ڈرائی پورٹس کے لیے اراضی کہاں فراہم کی جائے گی ۔ بہت جلد اس کی نشاندہی کی جائے گی ۔ وزیر عمارات و شوارع ریاست تلنگانہ نے تلنگانہ کے لیے نئے سکریٹریٹ سے متعلق کہا کہ چیف منسٹر بہر صورت نیا سکریٹریٹ کسی بھی صورت میں تعمیر کریں گے اور اس تعلق سے نئے سکریٹریٹ کے لیے مثبت منصوبہ (پلان ) مرتب کیا جارہاہے اور محکمہ عمارات و شوارع کے تحت ہی نئے سکریٹریٹ کا نمونہ ( پلان ) مرتب کیا جائے گا ۔۔