صرف اعلانات وعدوں پر انحصار، ایم نرسمہلو تلگودیشم قائد کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پائی جانے والی سنگین خشک سالی کا اندازہ لگانے اور تخمینہ کرنے میں تلنگانہ حکومت پر ناکام ہوجانے کا تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے الزام عائد کیا اور کہاکہ ریاست میں خشک سالی حالات سے نمٹنے اور کسانوں و غریب عوام کو راحت بہم پہنچانے میں بھی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے اور کہاکہ صرف زبانی اعلانات کے ذریعہ حکومت تلنگانہ عوام بالخصوص کسانوں و غریب عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر و رکن پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی مسٹر ایم نرسمہلو نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام منڈلس سنگین خشک سالی حالات سے دوچار ہیں۔ مسٹر ایم نرسمہلو نے کہاکہ حکومت تلنگانہ سے فی الفور خشک سالی حالات سے نمٹنے اور کسانوں و غریب عوام کو راحت بہم پہونچانے کا پرزور مطالبہ کیا بصورت دیگر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نہ صرف زبردست احتجاج منظم کرے گی بلکہ بہت جلد تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ایک وفد کے ہمراہ ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرکے نمائندگی کرے گی۔ مسٹر نرسمہلو نے ضلع نلگنڈہ میں خشک ہوجانے والے موسمی باغات کے کاشتکاروں کو فی ایکر کم سے کم 56 ہزار روپئے معاوضہ ادا کرنے کا حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا۔