صورتحال سے نمٹنے کی تجاویز ، پروفیسر کودنڈا رام
حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز)ریاست تلنگانہ میںخشک سالی کے متعلق تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی و تلنگانہ ودیا وانتولا ویدیکا کی رپورٹ چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ راجیو شرما آئی اے ایس کو پیش کی۔ چیرمن تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈرا م کی قیادت میں جے اے سی وفد نے سکریٹریٹ میں راجیو شرما سے ملاقات کرکے انہیں تلنگانہ میںدیہی سطح پر خشک سالی کے متعلق تیارکردہ رپورٹ حوالے کی ۔ جس میں خشک سالی کی موجودہ صورتحال کے ساتھ اس سے نمٹنے کے اقدامات کے لئے جے اے سی نے اپنے تجاویز بھی پیش کئے ہیں۔پروفیسر کودنڈرام نے بتایا کہ جے اے سی کی رپورٹ کے مطابق ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع خشک سالی سے شدید متاثر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوکھے کی وجہہ سے ریاست تلنگانہ کے ضلع محبو ب نگر ‘ نلگنڈہ‘ کریم نگر ‘ عادل آباد اور نظام آباد کا زرعی شعبہ زیادہ متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ فصل پر جن کسانوں نے انشورنس کروایا تھا اس کی بھی ادائی عمل میںنہیںلائی جارہی ہے ۔ کودنڈرام نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کو چاہئے کہ وہ اس ضمن میںمداخلت کرتے ہوئے متاثرہ کسانوں کی انشورنس رقم انہیں واپس دلائے۔کودنڈرام نے سوکھے سے متاثرہ علاقوں میں زیر زمین پانی کا بھی جائزہ لینے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ پروفیسر کودانڈرام نے متبادل زراعت کے متعلق حکومت تلنگانہ کے مشورہ کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں سب سے آسان اور بناء کسی نقصان کے کی جانے والی فصل گنے کی ہے مگر حکومت تلنگانہ گنے کی زراعت کرنے والے کسانوں کو راحت پہنچانے کے اقدامات نہیں کررہی ہے ۔ پروفیسرکودنڈارم نے نظام شوگر فیکٹری کا احیاء عمل میں لاتے ہوئے علاقہ میں گنے کی فصل کو فروغ دینے اور سوکھے سے متاثرہ دیہی علاقوں میںدیہی روزگاراسکیم کے تحت متاثرہ کسانوں کو روزگار فراہم کرنے اور انہیںتین ماہ کے بقایہ جات کی اجرائی عمل میںلانے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔اس موقع پر ٹی جے اے سی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔