مرکزی وزیر دتاتریہ کی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات
حیدرآباد 16 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے آج راج بھون پہونچ کر گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ بعدازاں مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی کابینہ میں ان کی شمولیت کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد آمد کے سلسلہ میں گورنر مسٹر نرسمہن سے خیرسگالی ملاقات کی اور کہاکہ وہ بحیثیت مرکزی وزیر ریاست تلنگانہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہرممکنہ کوشش کریں گے۔ یہی نہیں بلکہ تلنگانہ ریاست کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے مرکز سے مناسب رقومات کی فراہمی کیلئے وہ ایک پُل کا رول ادا کریں گے۔ تلنگانہ ریاست کو درپیش چند اہم مسائل سے وہ بہت جلد وزیراعظم مسٹر نریندر مودی سے خصوصی طور پر ملاقات کرکے واقف کروائیں گے۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ وہ مرکزی حکومت کی فلاح و بہبودی اسکیمات کو عوام تک پہونچانے اور پہونچنے کیلئے اپنا مؤثر رول ادا کریں گے۔ علاوہ ازیں تلنگانہ کی ترقی پر اولین ترجیح دیں گے۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی ملک کیلئے کامیاب قیادت کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہاکہ مسٹر نریندر مودی بہرصورت ملک کو صحیح سمت پر گامزن کریں گے۔