یدھ ویر فاؤنڈیشن کی ایوارڈ تقریب ، ڈاکٹر کے کیشور اؤ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔یکم مئی(سیاست نیوز) یدھ ویر فاونڈیشن کی پچیسویں ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا وجنرل سکریٹری تلنگانہ راشٹرا سمیتی ڈاکٹر کے کیشورائو نے کہاکہ تلنگانہ کی تہذیب وتمدن ‘ زبان غرض کے ہر شعبہ حیات میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف اٹھنے والی آواز عوامی تحریک کی شکل اختیار کرنے کے بعد علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میںآئی۔ایف پی سی سی آئی میں ڈاکٹر وجئے ویر ودیالنکار کے اعزاز یدھ ویر فاونڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایوارڈ تقریب سے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر کے کیشور رائو نے آندھرائی سیاسی قائدین‘سرمایہ داروں ‘ فلمی صنعت سے وابستہ شخصیتوں پر تلنگانہ ریاست کی تہذیب تمدن اور زبان کے ساتھ کھلواڑ کرنے اور تلنگانہ کی ترقی کو نظر انداز کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ غیر علاقائی حکمرانوں کی زیادتیوں سے دلبرداشتہ تلنگانہ کی عوام کے جذبات پر مبنی تلنگانہ تحریک کے ذریعہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میںآئی۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار حاصل ہونے کے بعد ہماری سب سے پہلی ذمہ داری تلنگانہ کی تہذیب کا احیاء عمل میں لانا ہے اوراس عظیم کام کے لئے کے سی آر کی نگرانی میںحکومت تلنگانہ اپنی تہذیب کا احیاء عمل میںلانے کی کوشش کررہی ہے ۔ چیرمن یدھ ویر فاونڈیشن ڈاکٹر نریندر کمار لوتھر نے کہاکہ یدھ ویر فاونڈیشن کے ایوارڈیافتہ ہندوستان کی دو اہم شخصیتیں اندر کمار گجرال اور ڈاکٹر من موہن سنگھ ہندوستان کے وزیراعظم بنے۔ انہوں نے مزید کہاکہ تقریب کے موقع پر یدھ ویر فاونڈیشن سنسکرت زبان پر عبور رکھنے والی شخصیت ڈاکٹر وجئے ویر ودیالنکارکو اس سال کا ایوارڈ کے لئے منتخب کیاہے ۔ بعدازاں ڈاکٹر کے کیشو رائو کے ہاتھوں ڈاکٹروجئے ویر ودیالنکار کو تہنیت او رایوارڈ کی پیشکش عمل میںآئی۔آخر میں ڈاکٹر مرلی دھر گپتا نے مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اس تقریب میںشرکت کی ۔ مشیر حکومت تلنگانہ کے وی رمنا چاری کے علاوہ شہر حیدرآباد کی دیگرممتاز شخصیتوں نے ا س ایوارڈ تقریب میںشرکت کی ۔بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار خان اطہر کے قومی ترانے پر تقریب کا اختتام عمل میںآیا۔